News Views Events

اوورسیز پاکستانیوں کے مقدمات کے لئے جلد خصوصی عدالت قائم ہوگی، مسائل نوے دن میں حل ہونگے۔ چوہدری سالک حسین

نوجوانوں کے لئے بیرون ملک روزگار کے مواقع کی فراہمی کے لئے کوشش کررہے ہیں۔ خطاب پارٹی کو منظم اور فعال کررہے ہیں، کارکنان کے مسائل حل کریں گے۔ ڈاکٹر محمد امجد

0

 

اسلام آباد( سٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ کے سینئر وائس پریزیڈنٹ، وفاقی وزیر مذہبی امور اور اوور سیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مقدمات کے جلد فیصلوں کے لئے خصوصی عدالت قائم کی جائے گی، کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ پاکستانیوں کو بیرون ملک روزگار ملے،نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار کے مواقع کی فراہمی کے لئے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ مسلم لیگ ہائوس میں چوہدری شجاعت حسین کے دور کی سیاسی رونقیں بحال کریں گے، پارٹی کارکنان کے لئے ان کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں، کسی بھی وقت مل سکتے ہیں۔

 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو مسلم لیگ ہائوس اسلام آباد میں پارٹی کی سنٹرل ورکنگ کمیٹی کے جلاس کی صدارت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کیا۔ اجلاس میں پارٹی کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمد امجد، مرکزی سیکرٹری اطلاعات غلام مصطفیٰ ملک، رکن قومی اسمبلی مسز فرخ خان، کنوردلشاد، چوہدری رضوان صادق، پارٹی کے تمام ونگز کے صدور، جنرل سیکرٹریز، چاروں صوبوں بشمول گلگت بلتستان کے صدور اور جنرل سیکرٹریز سمیت کمیٹی کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔

 

اجلاس میں ملکی صورتحال اور پارٹی کی تنظیم نو کے حوالے سے غوروحوض کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری سالک حسین نے کہا کہ ملک میں قیام امن ہم سب کی زمہ داری ہے، دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہیں، دیگر سیاسی جماعتوں کے سربراہان اور نمایاں شخصیات کے ساتھ مل کر امن قائم کریں گے اور ملک میں بھائی چارے اور برداشت کی فضا قائم کریں گے۔

 

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل حل کررہے ہیں، میرے والد چوہدری شجاعت حسین جب وزیر داخلہ تھے تب انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مقدمات اور مسائل جلد حل کرنے کے لئے خصوصی عدالت کے قیام کا بل پیش کیا تھا۔ میرے دور میں ہم نے قومی اسمبلی اور سینیٹ سے وہ بل پاس کروایا ہے جس کے تحت اوورسیز پاکستانیوں کے مقدمات کے جلد فیصلوں کے لئے خصوصی عدالت قائم کی جائے گی۔ اس عدالت کے تحت متعلقہ ایمبیسی کے ذریعے مقدمات کے آن لائن نوے دن میں فیصلے ہونگے اور ایک اپیل کا حق ہوگا۔

 

انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ پاکستانیوں بیرون ملک بھیجا جائے تا کہ انہیں روزگار ملے اور ملک میں فارن ایکسچینج آئے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے والد چوہدری شجاعت حسین کے دور میں مسلم لیگ ہائوس مکمل طور پر آباد تھا اور بڑے بڑے لوگ یہاں پر آتے تھے۔ ہم کوشش کررہے ہیں کہ وہ سیاسی رونقیں ایک مرتبہ پھر سے بحال ہوں۔

 

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ پاکستان مسلم کی تنظیم نو کے لئے کام کا آغاز کیا جا چکا ہے۔ پارٹی کے خاموش لوگوں کو متحرک کررہے ہیں، ناراض لوگوں کے گلے شکوے دور کررہے ہیں، نئے لوگوں کو پارٹی میں شامل کررہے ہیں، تمام ونگز اور صوبوں کو بھی ازسرنو منظم کررہے ہیں۔

 

پارٹی کا مرکزی دفتر اور لاہور میں صوبائی دفتر نہ صرف کھل چکے ہیں بلکہ پارٹی کے مختلف امور کا جائزہ لینے کے لئے یہاں ہفتہ وار اجلاس بھی منعقد ہو رہے ہیں۔ انہوں نے سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے لئے چوہدری سالک حسین اور دیگر رہنمائوں کا شکریہ ادا کیا۔

 

اجلاس کے بعد ڈاکٹر افتخار، میاں عباس اور دیگر نے چوہدری شجاعت حسین کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔

چوہدری سالک حسین اور ڈاکٹر محمد امجد نے انہیں پارٹی پرچم پہنایا اور خوش آمدید کہا۔ بعد ازاں چوہدری سالک حسین کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.