چین کی جانب سے امریکہ کے لئے متعلقہ دوہرے استعمال کی اشیاء پر برآمدی کنٹرول کے اقدامات
بیجنگ:چین کی وزارت تجارت نے امریکہ کے خلاف دوہرے استعمال کی اشیاء پر برآمدی کنٹرول کو مضبوط بنانے کا اعلان کیا ۔ اس حوالے سے وزارت تجارت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ حالیہ برسوں میں امریکہ نے قومی سلامتی کے تصور کا غلط استعمال کرتے ہوئے معاشی، تجارتی اور تکنیکی معاملات کو سیاسی رنگ دیا بلکہ انہیں ہتھیاروں کے طور پر استعمال کیا اور متعدد چینی کمپنیوں کو دبانے کے لیے پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا ہے جس سےچینی کاروباری اداروں کے معقول اور جائز حقوق اور مفادات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ چین کی قومی سلامتی اور مفادات کے تحفظ اور جوہری عدم پھیلاؤ سمیت دیگر بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے چین نے اپنے داخلی قوانین و ضوابط کے مطابق امریکہ کے لئے دوہرے استعمال کی اشیاء پر برآمدی کنٹرول کو مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں امریکی فوجی صارفین یا فوجی مقاصد کے لئے دوہرے استعمال کی اشیاء کی برآمد پر پابندی، اور گیلیم، جرمینیم، اینٹیمنی، سپر ہارڈ مواد اور گریفائٹ سے متعلق دوہرے استعمال کی اشیاء کی امریکہ برآمد کو سختی سے کنٹرول کرنا شامل ہے۔ کسی بھی ملک یا خطے میں تنظیمیں اور افراد جو متعلقہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہیں انہیں قانون کے مطابق جوابدہ ٹھہرایا جائے گا۔