امریکہ کی جانب سے قومی سلامتی کے تصور کو مسلسل وسیع کیا گیاہے ،چینی وزارت تجارت
بیجنگ :امریکہ نےچین کو سیمی کنڈکٹر کے لئے اپنے برآمدی کنٹرول اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ اس اقدام سے سیمی کنڈکٹر مینوفیکچرنگ آلات، میموری چپس اور دیگر اشیاء پر چین کو برآمدی کنٹرول مزید سخت کیا جائے گا۔اقدامات کے اعلان کے مطابق 136 چینی اداروں کو برآمدی کنٹرول اداروں کی فہرست میں شامل کیا جائے گا اور تیسرے ملک کے ساتھ چین کی تجارت میں من مانی مداخلت کرنے کے لئے” لانگ آرم” دائرہ اختیار کو بھی وسعت دی جائے گی۔چین کی وزارت تجارت کے ترجمان نے اس بارے میں کہا کہ یہ معاشی جبر اور نان- مارکیٹ عمل ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکہ کہتا کچھ اور کرتا کچھ ہے۔امریکہ کی جانب سے قومی سلامتی کے تصور کو مسلسل وسیع کیا گیاہے ، ایکسپورٹ کنٹرول کے اقدامات کا غلط استعمال کیا گیا ہے اور امریکی رویہ یکطرفہ پسندی اور غنڈہ گردی کا رویہ ہے جس کی چین سختی سے مخالفت کرتا ہے۔ وزارت تجارت کے ترجمان نے کہا کہ سیمی کنڈکٹر کی صنعت انتہائی گلوبلائزڈ ہے ، اور امریکہ کی طرف سے کنٹرول اقدامات کے غلط استعمال نے ممالک کے مابین معمول کے معاشی اور تجارتی تبادلوں میں شدید رکاوٹ ڈالی ہے ، مارکیٹ کے ضوابط اور بین الاقوامی اقتصادی اور تجارتی نظم و نسق کو شدید نقصان پہنچایا ہے اور عالمی صنعتی اور سپلائی چین کے استحکام کو بھی اس سے شدید خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی کمپنیوں سمیت عالمی سیمی کنڈکٹر انڈسٹری اس سے بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے چین اپنے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات اختیار کرے گا۔