News Views Events

خلیج تعاون کونسل کا غزہ اور لبنان میں اسرائیلی جارحیت کے فوری خاتمے کا مطالبہ

0

خلیج تعاون کونسل کا غزہ اور لبنان میں اسرائیلی جارحیت کے فوری خاتمے کا مطالبہ

خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) نے جنگ بندی کے باوجود لبنان پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے غزہ میں فوری جنگ بندی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

عالمی میڈیا کے مطابق کویت میں خلیج تعاون کونسل کے 45 ویں سربراہ اجلاس کے بعد خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل جاسم محمد البداوی نے اجلاس کا اعلامیہ پڑھ کر سنایا۔

واضح رہے کہ 6 رکنی خلیج تعاون کونسل کا اجلاس ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب حماس کی جانب سے 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل پر حملوں کے بعد اسرائیل نے غزہ کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے اور 45 ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید، ہزاروں کی تعداد میں زخمی اور لاکھوں کی تعداد میں بے گھر ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب لبنان میں گزشتہ ہفتے جنگ بندی کا اعلان کیا گیا تھا، اسرائیل اور لبنان کی مذاحمتی تحریک حزب اللہ کے درمیان ستمبر میں اس وقت جنگ شروع ہو گئی تھی جب حزب اللہ کی جانب سے حماس کی حمایت میں شروع کیے گئے اسرائیل پر حملوں میں اضافہ ہوا تھا۔

کویت اعلامیے میں غزہ میں شہریوں کے قتل عام اور اجتماعی سزاؤں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ جی سی سی ممالک کے رہنماؤں نے مشرقی یروشلم کو دارالحکومت بنانے کے ساتھ ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی بھی حمایت کی ہے۔

جی سی سی کے اعلامیے میں لبنان پر کئی ہفتوں سے جاری اسرائیلی حملوں کے بعد جنگ بندی کا خیرمقدم کیا تاہم جنگ بندی کے باوجود لبنان پر اسرائیل کی جانب سے حملوں کی شدید مذمت کی اور لبنان پر زور دیا کہ وہ ریاست کے مفادات کو ترجیح دیں۔

جی سی سی ممالک کے اعلامیے میں سعودی عرب اور عمان کی جانب سے یمن کے تمام فریقوں کے ساتھ سیاسی عمل کی بحالی کے لیے جاری کوششوں کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔

اعلامیے میں علاقائی اور عالمی سطح پر سیاسی، سلامتی اور اقتصادی چیلنجز سے نمٹنے میں جی سی سی ممالک کے بڑھتے ہوئے کردار کی بھی تعریف کی گئی ہے۔

خلیج تعاون کونسل کے رہنماؤں نے جی سی سی ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کی اہمیت اور مشترکہ ڈیجیٹل حکمت عملی تیار کرنے کے لیے تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا جو ان کی معیشتوں کے مابین ڈیجیٹل انضمام کے حصول میں کردار ادا کرتے ہیں۔

خلیج تعاون کونسل کے اجلاس میں سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، قطر کے حکمران شیخ تمیم بن حماد الثانی، بحرین کے ولی عہد اور وزیر اعظم سلمان بن حمد الخلیفہ، متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، نائب وزیر اعظم اور صدارتی عدالت کے چیئرمین شیخ منصور بن زید النہیان اور عمان کے نائب وزیر اعظم برائے کابینہ سید فہد بن محمود السعید نے شرکت کی۔

سعودی وفد میں وزیر مملکت اور وزرا کی کونسل کے رکن شہزادہ ترکی بن محمد، وزیر کھیل شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، وزیر مملکت، کونسل آف منسٹرز کے رکن اور قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر معید الایبان، وزیر خزانہ محمد الجدعان، وزیر ٹرانسپورٹ صالح الجاسر اور دیگر سینیئر حکام شامل ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.