سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں،صوبائی وزیر صنعت و تجارت
لاہور: صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین اور چیئرمین پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری وتجارت منتہی اشرف کی زیر صدارت بورڈ کا 47واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں 6 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں سیکرٹری صنعت و تجارت ڈاکٹر احسان بھٹہ،صدر ایوان صنعت وتجارت لاہور میاں ابوذرشاداور بورڈ ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ جلال حسن نے بورڈ کی کارکردگی،ورکنگ اور آئندہ 6ماہ کے لائحہ عمل بارے تفصیلی بریفنگ دی۔بورڈ اجلاس میں آڈٹ کمیٹی،رسک مینجمنٹ کمیٹی،ہیومن ریسورس کمیٹی سمیت 7کمیٹیوں کی تشکیل کی منظوری دی گئی۔ پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے سی ای او کی تقرری اور دیگر معاملات کے حوالے سے کمیٹی دو ہفتوں میں سفارشات کو حتمی شکل دے گی۔
بورڈ نے 46ویں اجلاس کے منٹس کی توثیق بھی کی۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کو کاروباری سرگرمیوں کا مرکز بنا دیا ہے، پنجاب کے 18سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، مزید 7 نئے سپیشل اکنامک زونز بن رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بزنس فسیلیٹیشن سینٹرز کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں معاون ثابت ہورہے ہیں مزید 4 بزنس فسیلیٹیشن سینٹرز بنائے جارہے ہیں۔صنعتکاروں کے مسائل کے فوری حل کےلئے پنجاب چیمبرز آف کامرس اینڈ کوآرڈی نیشن کمیٹی کا فورم موجود ہے۔
چوہدری شافع حسین نے کہا کہ صنعتی مراکز کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کا پروگرام جاری ہے، غیرممالک کے ساتھ باہمی تجارت کے فروغ کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔چیئرمین بورڈ برائے سرمایہ کاری وتجارت منتہی اشرف نے کہا کہ پنجاب سرمایہ کاری بورڈ سرمایہ کاری کے فروغ اور صنعتکاروں کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے کردار ادا کر رہا ہے،بورڈ اب تک 6.9ارب ڈالر کی سرمایہ کاری لانے میں سہولت کاری کرچکا ہے۔بزنس فسیلیٹیشن سینٹرز سے مختلف کاروباری سرگرمیوں کے لئے اب تک 27ہزار این او سی جاری ہوچکے ہیں۔اجلاس مٰں رابعہ ضیا،مسعود انور،عابدشیرانی وڈیو لنک کے ذریعےشریک ہوئے۔