عبدالرزاق اور اسٹیج اداکارہ دیدار کی منگنی کیوں ٹوٹی،وجہ سامنے آگئی
عبدالرزاق چاہتے تھے کہ دیدار انڈسٹری اورتھیٹر ڈانس چھوڑ دیں لیکن اداکارہ اپنا کیریئر نہیں چھوڑ سکتی تھیں، جس کی بنا پر دونوں کی شادی نہیں ہوسکی
لاہور: سوشل میڈیا پر سابق پاکستانی کرکٹرعبدالرزاق کا ایک ویڈیو کلپ وائرل ہو رہا ہے جس میں انہوں نے اپنی پرانی محبت کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہیں اسٹیج اداکارہ دیدار سے سچی محبت ہوگئی تھی۔
معروف آل راؤنڈرعبدالرزاق کے مطابق دیدار ان کی بہت اچھی دوست تھیں جن کے ساتھ انہوں نے شادی کرنے کا فیصلہ بھی کرلیا تھا۔ اس سلسلے میں انہوں نے دیدار کو 6 ماہ کا وقت دیا کہ وہ فیصلہ کر لیں کہ انہوں نے کرکٹر سے شادی کرنی ہے یا انڈسٹری کے ساتھ رہنا ہے۔ عبدالرزاق چاہتے تھے کہ دیدار انڈسٹری اورتھیٹر ڈانس چھوڑ دیں لیکن اداکارہ اپنا کیریئر نہیں چھوڑ سکتی تھیں، جس کی بنا پر دونوں کی شادی نہیں ہوسکی۔
عبد الرزاق نے کہا کہ اس پیشے کے ساتھ دونوں کا ایڈجسٹ کرنا مشکل تھا کیونکہ وہ ایک قدامت پسند گھرانے سے تعلق رکھتے تھے، ان کے مطابق اگر دیدار انڈسٹری چھوڑ دیتیں تو کچھ ہو سکتا تھا لیکن ان کے انکار کے بعد دونوں نے اپنی راہیں جدا کرلیں۔
اسٹیج اداکارہ دیدار نے بھی سابق قومی کرکٹر عبدالرزاق کے ساتھ شادی کی خبروں پر خاموشی توڑتے ہوئے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ عبدالرزاق نے انہیں شادی کی پیشکش کی تھی اور ان سے منگنی بھی ہو چکی تھی لیکن کرکٹر نے ایک شرط بھی رکھی تھی کہ وہ اداکاری چھوڑ دیں۔ اختلافات کی وجہ سے یہ رشتہ شادی تک نہیں پہنچ سکا لیکن وہ آج بھی عبدالرزاق کی بے حد عزت کرتی ہیں۔
واضح رہے کہ عبدالرزاق نے 40 سے زائد ٹیسٹ اور 260 سے زائد ون ڈے میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کے بعد 2013 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔