سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد کو مسلم لیگ (ق) میں بڑا عہدہ مل گیا
اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے پارٹی کو مزید فعال اور متحرک کرنے کے لئے نئے ونگز کے قیام کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد پارٹی میں نئے وزنگز قائم کرکے ذمہ داران کے نوٹیفکیشنز بھی جاری کردیئے گئے۔ اس مقصد کے لئے مسلم لیگ ہائوس میں پارٹی کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمد امجد کی زیرصدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں پارٹی کےویمن ونگ کی مرکزی صدر اور رکن قومی اسمبلی مسز فرخ خان، مرکزی سیکرٹری اطلاعات غلام مصطفیٰ ملک، جنرل سیکرٹری فیڈرل کیپیٹل چوہدری جہانگیر اور دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین کی ہدایت پر پارٹی کو ملک بھر میں منظم کررہے ہیں۔ اس مقصد کے لئے پرانے ونگز کو فعال اور مزید نئے ونگز بھی قائم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سمیت ملک بھر میں جلد ممرسازی کا عمل شروع کیاجارہا ہے۔ چوہدری شافع حسین اور پارٹی ایم پی ایز کے ساتھ مل کر پنجاب میں تنظیم اور رکنیت سازی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر جمعہ کو مسلم لیگ ہائوس اسلام آباد اور ہر پیر کو لاہور میں پارٹی کا اجلاس منعقد کیاجائے گا جس میں کارکردگی کا جائزہ لیاجائے گا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے غلام مصطفیٰ ملک نے کہا کہ ڈاکٹر محمدامجد کی تقرری کا ثمرات پارٹی کو ملنا شروع ہوگئے ہیں۔ دوہفتوں میں پارٹی متحرک ہوچکی ہے۔ مرکزی سطح پر پارٹی کے سوشل میڈیا، پرنٹ میڈیا اور الیکٹرونک میڈیا سیل قائم ہوچکے ہیں۔ بعد ازاں پارٹی کے مختلف ونگز کے ذمہ داران کو نوٹیفکیشن جاری کئے گئے۔
سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن و سابق صوبائی وزیر کنور دلشاد کو پارٹی کے تھنک ٹینک، بیرسٹر ڈاکٹر رحیم اعوان کو لا اینڈ جسٹس ونگ، عاطف ملک کو ٹریڈرز ونگ، مہرین ملک آدم کو صوبائی کوآرڈینیشن ونگ، عظام چوہدری کو پبلک افئیرز ونگ، انیلہ ایاز چوہدری کو ہیومن رائٹس ونگ، جہانزیب امجد کو بزنس کمیونٹی اور ثنا درانی کوکلچرل ونگ کی صدر جبکہ بلال نعیم کو ڈسٹرکٹ کاآرڈینیٹر راولپنڈی کی ذمہ داریاں تفویض کی گئیں۔ نوٹیفکیشز چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمد امجد کے دستخطوں سے جاری کئے گئے۔