چین بین الاقوامی درآمدی نمائش،چینی وزیراعظم کی ملائیشین ہم منصب سے ملاقات
شنگھائی(شِنہوا)چین کے وزیراعظم لی چھیانگ نے ملائیشیا کے اپنے ہم منصب انورابراہیم سے ملاقات کی جو 7 ویں چین بین الاقوامی درآمدی نمائش میں شرکت کے لئے شنگھائی میں ہیں۔وزیراعظم لی چھیانگ نے کہا کہ چین اور ملائیشیا کے تعلقات تاریخی ترقی کے نئے دور میں داخل ہوگئے ہیں اور مشترکہ مستقبل کے ساتھ تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔لی چھیانگ نے کہا کہ چین دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے پر عملدرآمد، باہمی احترام اور اعتماد کو برقرار رکھنے، ایک دوسرے کو مساوی سمجھنے اور نتیجہ خیز نتائج پر مبنی تعاون کے لئے ملائیشیا کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔چینی وزیراعظم نے دونوں ملکوں پر زور دیا کہ وہ شمالی ساحلی ریل رابطہ اور ملائیشیا چین "دو ممالک، جڑواں پارک” جیسے آزمائشی منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھائیں، ابھرتے ہوئے شعبوں میں تعاون کے امکانات سے فائدہ اٹھائیں اور تعاون کو وسعت دیں۔اس موقع پر ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے کہا کہ چین ملائیشیا کا اچھا دوست اور اچھا شراکت دار ہے۔ ملائیشیا چین کے ساتھ بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کو مضبوط کرنے، تجارت، سرمایہ کاری، ڈیجیٹل معیشت اور تعلیم جیسے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے اور عوامی سطح پر تبادلوں کو بڑھانے کا خواہاں ہے۔انورابراہیم نے کہا کہ ملائیشیا ٹرانس پیسفک پارٹنرشپ کے لئے جامع اور ترقی پسند معاہدے میں شمولیت کے لئے چین کی حمایت کرتا ہے۔