ایک فوجی کی بیوی ہونا شاندار تجربہ ہے ،سینئر اداکارہ سیمی راحیل
لاہور:پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی سینئر اداکارہ سیمی راحیل کا کہنا ہے کہ فوجی کی بیوی ہونا ایک شاندار تجربہ ہے۔
سیمی راحیل نے حال ہی میں احمد علی بٹ کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر بات کرنے کے ساتھ ساتھ ماضی کی شادیوں کا موازنہ آج کی شادیوں سے کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ہم نے ایک دوسرے کو اسپیس دی اور یہ وہ چیز ہے جو آج کل کی نسل میں نہیں ہے، ان کا کہنا تھا کہ ان کے شوہر نے کبھی سوال نہیں کیا کہ وہ سیٹ سے دیر سے کیوں آئی ہیں انہوں نے کبھی یہ نہیں پوچھاکہ ’تم کہاں تھیں‘۔ لیکن آج کل کی نسل میں یہ چیز نہیں ہے آج کی نسل پھر چاہے وہ مرد ہو یا عورت دونوں کنٹرول فریک بن چکے ہیں وہ سب کچھ کنٹرول کرنا چاہتے ہیں اور ہر چیز کو حد سے زیادہ سنجیدہ لے لیتے ہیں۔
سیمی راحیل نے کہا کہ رشتوں میں سمجھوتے ہوتے ہیں لیکن انہیں سر پر سوار نہیں کرنا چاہیے، اپنی شادی شدہ زندگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک فوجی کی بیوی ہونا شاندار تجربہ ہے کیونکہ ہمیں پورے پاکستان کی سیر کرنے کا بھی موقع ملا۔
اپنے شوہر کے نام جاری پیغام میں سیمی راحیل کا کہنا تھا کہ ان کے شوہر شاندار تیراک اور دین کا علم رکھنے والے عظیم انسان ہیں اور وہ اللہ کا شکر ادا کرتی ہیں کہ ان کی زندگی میں ایسا شخص موجود ہے۔
واضح رہے کہ سیمی راحیل کی شادی سن 1978ء میں ہوئی تھی جن کے دو بچے مہرین راحیل اور دانیال راحیل ہیں۔ جب وہ اپنے کالج کے تیسرے سال میں تھیں تو رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئی تھیں۔
سیمی راحیل ایک تجربہ کار پاکستانی اداکار ہیں جنہوں نے پی ٹی وی سے اپنے سفر کا آغاز کیا۔ ان کے قابل ذکر ڈراموں میں خواہش، دل نہ امید تو نہیں، دل آویز، داستان، لنڈا بازار، اشک، سناٹا، عشق لا، کس سے کہوں، سمی، باغی، مریم پریرا، سبات اور دیگر شامل ہیں۔ سیمی راحیل ایک خوشگوار شادی شدہ مشہور شخصیت ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: