ساتویں چائنا انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو کا افتتاح
بیجنگ:چین کے وزیر اعظم لی چھیانگ نے شنگھائی میں ساتویں چائنا انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو اور ہانگ چھیاؤ انٹرنیشنل اکنامک فورم کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور کلیدی تقریر کی۔
لی چھیانگ نے کہا کہ سی آئی آئی ای کا انعقاد چین کے لئے کھلے پن اور تعاون کو وسعت دینے کے لئے ایک اہم اقدام ہے ۔ 2018 کے بعد سے ، سی آئی آئی ای ہر سال منعقد کیا جاتا ہے ، جو کھلے پن اور تعاون کے لئے ہر ایک کی مشترکہ خواہش کی عکاسی کرتا ہے۔چین کے وزیر اعظم نے کہا کہ آج کی دنیا کو بڑھتے ہوئے عدم استحکام اور غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے۔ ان حالات میں، ہمیں کھلے پن کو جاری رکھنے ، وسعت دینے اور دیرپا امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کو فروغ دینے پر قائم رہنا ہوگا۔
چینی وزیر اعظم لی چھیانگ نے تین تجاویز پیش کیں ۔ پہلی تجویز یہ کہ اپنے وعدوں پر عمل کرتے ہوئے کھلے پن پر بہتر اتفاق رائے پیدا کرنا چاہئے۔ دوسری یہ کہ باہمی مفادات کی بنیاد پر کھلے پن کی گنجائش کو بڑھانا چاہئے اور تیسری یہ کہ کھلے پن کے مشن کو بہتر طریقے سے انجام دینا چاہیے۔
تقریب میں شریک غیر ملکی رہنماؤں اور بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہوں نے اپنی تقاریر میں کہا کہ سی آئی آئی ای تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور کھلے پن اور تعاون کو فروغ دینے کے لئے ایک اہم بین الاقوامی پلیٹ فارم بن چکا ہے ، جو ایک بڑے ملک کی حیثیت سے چین کے کھلے پن، شمولیت اور ذمہ داری کا بھرپور مظاہرہ کرتا ہے۔ اپنی تقاریر میں تمام فریقوں نے چین کے اقتصادی اور ترقیاتی امکانات کے بارے میں اپنے پر امید ہونے کا اظہار کیا اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کو فروغ دینے، معیشت اور تجارت، رابطے اور سبز ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے، آزاد تجارت کا تحفظ کرنے اور دنیا میں مساوات اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا ۔