چین کا 9 ممالک کے لیے ویزا فری پالیسی شروع کرنے کا فیصلہ
بیجنگ:چینی وزارت خارجہ کی یومیہ پریس کانفرنس کے دوران ترجمان سے پوچھا گیا کہ صدر شی جن پھنگ کی سلوواکی وزیر اعظم فیزو سے ملاقات کے دوران اعلان کیا گیا کہ چین یکطرفہ طور پر سلواکیہ کے لیے ویزا فری سہولت متعارف کروائے گا، ساتھ ساتھ ترجمان سے نئے ویزا فری ممالک سے متعلق بھی پوچھا گیا۔
اس حوالے سے چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لن جیان نے کہا کہ چین اور بیرونی ممالک کے درمیان اہلکاروں کے تبادلے کو مزید آسان بنانے کے لیے چین نے ویزا فری ممالک کا دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔8 نومبر 2024 سے، سلوواکیہ، ناروے، فن لینڈ، ڈنمارک، آئس لینڈ، اندورا، موناکو، لیکٹن سٹائن اور جنوبی کوریا کے عام پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے آزمائشی بنیادوں پر ویزا فری پالیسی نافذ کی جائے گی۔ 31 دسمبر 2025 تک، نو ممالک کے عام پاسپورٹ ہولڈرز جو کاروبار، سیاحت، رشتہ داروں اور دوستوں سے ملنے اور ٹرانزٹ کے لیے چین آتے ہیں، انہیں 15 روزہ ویزا فری انٹری کی اجازت ہو گی۔