دفاعی چیمپیئن نیویارک اسٹرائیکرزابوظہبی ٹی 10 کے لئے تیار
ابوظہبی:ابوظہبی ٹی 10 کے رواں سال کے سیزن کے لیے دفاعی چیمپیئن نیو یارک اسٹرائیکرز کی تیاریاں جاری ہیں او اس نے ایک مضبوط ٹیم تشکیل دی ہے۔ اسٹرائیکرز اپنے ماضی کے تجربات سے بھی بھرپور فائدہ اٹھانا چاہتی ہے۔ پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر کا کہنا ہے کہ وہ اپنی ٹیم نیو یارک اسٹرائیکرز کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں جنہوں نے انہیں رواں سال بھی برقرار رکھا۔ وہ چیمپیئنز اسکواڈ کے ساتھ واپسی پر فخر محسوس کررہے ہیں اور ٹائٹل کا دفاع کرنے کی بھرپورکوشش کریں گے۔ رواں سیزن میں اسٹرائیکرز میں واپسی کرنے والے نمایاں کھلاڑیوں میں ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ کیرون پولارڈ بھی شامل ہیں جنہوں نے آئندہ سیزن کے لیے اپنے جوش و خروش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ابوظبی ٹی 10 اور نیو یارک اسٹرائیکرز کے ساتھ واپسی پر فخر محسوس کر رہا ہوں۔ یہ ایک بہت اچھا موقع ہے۔ ہیڈ کوچ کارل کرو نے کہا کہ ٹیم کا اتحاد اور جذبہ اہم ہے کیونکہ ہم اپنے ٹائٹل کا دفاع کرنے کی تیاری کررہے ہیں۔ ہمیں بہت زیادہ توقعات ہیں اور مجھے یقین ہے کہ ہمارے کھلاڑی پورے ٹورنامنٹ میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔نیو یارک اسٹرائیکرز ٹیم کے مالک ساگر کھنہ نے آئندہ سیزن بارے اپنی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس ٹیلنٹ اور تجربے کا شاندار امتزاج ہے۔ ہمارے کھلاڑی جانتے ہیں کہ جیتنے کے لیے کیا کرنا پڑتا ہے اور مجھے یقین ہے کہ وہ ایک بار پھر اس موقع پر کھڑے ہوں گے۔