ہتھیار خریدنا تائیوان کی سلامتی نہیں لا سکتا، ریاستی کونسل کا دفتر برائے امور تائیوان
ہتھیار خریدنا تائیوان کی سلامتی نہیں لا سکتا، ریاستی کونسل کا دفتر برائے امور تائیوان
چین کی ریاستی کونسل کے تائیوان امور کے دفتر کی ترجمان چو فنگ لیئن نے امریکہ کی جانب سے تائیوان کو ہتھیاروں کی فروخت کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم چین کے تائیوان خطے میں امریکہ کی جانب سے اسلحے کی فروخت کی سختی سے مخالفت کرتے ہیں اور یہ موقف مستقل اور واضح ہے۔ امریکہ نے تائیوان کی علیحدگی کی حمایت نہ کرنے کے اپنے رہنماؤں کے وعدوں کی بار بار خلاف ورزی کی ہے، "تائیوان کی علیحدگی ” کی مہم جوئی کی حوصلہ افزائی کی ہے، اور آبنائے تائیوان میں امن اور استحکام کو نقصان پہنچایا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ہم اس کی سختی سے مخالفت کرتے ہیں اور امریکی فریق پر زور دیتے ہیں کہ وہ ایک چین کے اصول اور تین چین امریکہ مشترکہ اعلامیوں کی پاسداری کرے، خاص طور پر "17 اگست ” اعلامیے کی پاسداری کرے، تائیوان کو مسلح کرنے کے عمل کو روکے اور تائیوان کی علیحدگی پسند قوتوں کو کوئی بھی غلط سگنل بھیجنا بند کرے۔
ترجمان نے کہا کہ لائی چنگڈے انتظامیہ کو بتایا جائے کہ ہتھیار خریدنا سیکیورٹی نہیں خرید سکتا اور یہ عمل تائیوان کو مزید خطرے سے دو چار کر دے گا۔ مادر وطن کی وحدت ایک تاریخی ضرورت ہے، اور "تائیوان کے علیحدگی پسند اقدامات” اور غیر ملکی مداخلت وحدت کے عمومی رجحان کو روک نہیں سکتے اور امور تائیوان کو حل کرنے اور مکمل قومی وحدت کے ہمارے عزم اور ارادے کو متزلزل نہیں کرسکتے۔