سکیورٹی فورسز کا باجوڑ میں آپریشن، 2 خود کش بمباروں سمیت 9 خوارجی ہلاک
صدر مملکت آصف علی زرداری کا باجوڑ میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کرتے ہوئے 2 خود کش بمباروں سمیت 9 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے باجوڑ میں انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا جہاں فورسز کو گزشتہ روز خارجیوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی، آپریشن 23 اور 24 اکتوبر کی درمیانی شب خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، اس دوران سیکیورٹی فورسز اور خوراجی دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 9 خوارجی دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے خوارج میں 2 خودکش بمبار اور ایک مطلوب خوارجی رہنما سعید المعروف قریشی استاد شامل ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولا بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کر لیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج سکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔
ترجمان کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ علاقے میں پائے جانے والے مزید کسی خارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، پاکستان کی سیکورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے ناسور کر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کا باجوڑ میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
صدر مملکت نے کہا کہ آپریشن کے دوران 9خوارج کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہاپوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے،
عوام اور سکیورٹی فورسز مل کر دہشت گردوں کے عزائم کو ناکام بنائیں گے،
صدر مملکت نے فتنۃ الخوارج کے مکمل خاتمے تک کاروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔
وزیرِ اعظم کی ضلع باجوڑ میں خارجیوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کی پزیرائی
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی ضلع باجوڑ میں خارجیوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کی پزیرائی کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں نے پیشہ ورانہ مہارت سے فتنہ الخوارج کے 9 دہشت گردوں بشمول خود کش بمباروں اور دہشت گروں کے سرغنہ کو جہنم واصل کیا۔
دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،دہشت گردی کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔