سوڈان میں جاری تنازع کے باعث 4 لاکھ 10 ہزار سے زائد افراد بے گھر
انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن نے سوڈان کی صورتحال پر ایک رپورٹ جاری کی جس میں کہا گیا کہ رواں سال اپریل سے مغربی سوڈان کی شمالی دارفور ریاست کے دارالحکومت الفشر میں جاری تنازع کے باعث 4 لاکھ 10 ہزار سے زائد افراد نقل مکانی کرچکے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں سال یکم اپریل سے نو اکتوبر تک آئی او ایم نے الفشر شہر میں 31 بڑی مسلح جھڑپوں کی نگرانی کی، جس کے نتیجے میں مقامی شہریوں کی ایک بڑی تعداد اپنے گھر بار چھوڑ کر دوسرے علاقوں میں منتقل ہوئی۔
یاد رہے کہ 15 اپریل 2023 کو ، دارالحکومت خرطوم میں سوڈانی مسلح افواج (ایس اے ایف) اور ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کے مابین مسلح جھڑپیں شروع ہوئیں اور بعد میں دوسرے علاقوں میں پھیل گئیں۔ ایک سال سے زائد عرصے سے جاری اس مسلح تصادم میں اب تک 23 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔مغربی سوڈان میں دارفور کا علاقہ دونوں فریقوں کے درمیان تنازعات کے بڑے ہاٹ اسپاٹس میں سے ایک ہے۔ اس سال اپریل سے تنازع کے دونوں فریق شمالی دارفور کے کنٹرول کے لیے لڑائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔