سی پیک کے تحت بنیادی ڈھانچے، توانائی، صنعت، زراعت، اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں متعدد ترقیاتی منصوبے شروع
اسلام آباد:چین اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون سے ترقی کے نئے امکانات پیدا ہو رہے ہیں، چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک ) کے تحت بنیادی ڈھانچے، توانائی، صنعت، زراعت، اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں متعدد ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے ہیں، جو دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ثابت ہو رہے ہیں۔اقتصادی ماہرین کے مطابق گوادر ایئرپورٹ کا منصوبہ دونوں ملکوں کے مستحکم تعلقات کا ایک اور اہم اظہار ہے۔ یہ منصوبہ نہ صرف پاکستان کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ گوادر کو ایک بین الاقوامی تجارتی مرکز بنانے کی راہ ہموار کرے گا۔ اس سے پاکستان کی اقتصادی ترقی کو فروغ ملے گا اور خطے میں تجارتی مواقع بڑھیں گے۔
چین اور پاکستان کے درمیان یہ تذویراتی تعاون دونوں ممالک کے درمیان گہرے اعتماد اور دوستی کا عکاس ہے، جو وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہا ہے اور مختلف شعبوں میں ترقی کے نئے امکانات پیدا کر رہا ہے۔ خصوصی اقتصادی زونز کے قیام اور صنعتوں کی ترقی کے منصوبے پاکستانی معیشت کو مزید مستحکم بنا رہے ہیں، جس سے ملک میں روزگار کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔زراعت کے میدان میں جدید ٹیکنالوجی اور تحقیق کے ذریعے زرعی پیداواریت میں اضافہ کیا جا رہا ہے، جس سے پاکستان کی غذائی خود کفالت اور برآمدات میں بہتری آئے گی۔
توانائی کے منصوبے بجلی کی پیداوار میں اضافے اور توانائی کی قلت پر قابو پانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں تعاون سے نئی اختراعات کو فروغ مل رہا ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مشترکہ تحقیق کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔یہ تمام اقدامات پاکستان کی معیشت کو مزید ترقی یافتہ بنانے میں مدد فراہم کر رہے ہیں اور دونوں ممالک کی شراکت داری کو مزید مضبوط بنا رہے ہیں، دونوں ممالک کی تذویراتی شراکت داری وقت کے ساتھ مزید گہری ہو رہی ہے، جس کا مظہر مشترکہ منصوبے اور ترقیاتی پروگرام ہیں۔