اسرائیلی افواج کی جانب سے غزہ کے کئی حصوں پر حملے جاری ،انسانی صورتحال مزید پیچیدہ
اسرائیلی فوج نے فلسطینی غزہ کی پٹی میں کئی مقامات پر فوجی کارروائیاں جاری رکھیں۔ فلسطینی میڈیا اور غزہ کے محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ معلومات کے مطابق 13 تاریخ کو غزہ کے شمالی حصے میں غزہ سٹی اور غزہ پٹی کے مرکزی حصے پر اسرائیلی فوجیوں نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں متعدد بچوں سمیت کئی ہلاکتیں ہوئیں۔
اسی روز حماس سے وابستہ ایک مسلح ونگ” قاسم بریگیڈ "اور دیگر فلسطینی مسلح گروہوں نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے غزہ کی پٹی میں جبلیہ، رفح، خان یونس اور دیگر مقامات پر اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ کیا اور اسرائیلی ٹینکوں، گاڑیوں اور ڈرونز وغیرہ پر حملے کیے جس سے اسرائیلی فوجیوں کو جانی نقصان پہنچا۔
شمالی غزہ کی پٹی کے علاقے جبلیہ میں انسانی صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے ،اسرائیلی زمینی افواج کی پیش قدمی جاری ہے اور مقامی آبادی کو دوبارہ یہ علاقہ خالی کرنا پڑا ہے۔
قبل ازیں اسرائیلی فوج نے 12 تاریخ کو کہا تھا کہ اسرائیلی فوج نے حال ہی میں کمال ادوان اسپتال سمیت متعدد اداروں کو خالی کرانے کی واضح درخواست کی تھی۔تاہم کمال ادون اسپتال کے سربراہ کا کہنا تھا کہ کوئی انخلا نہیں ہوگا اور مریضوں کو خدمات فراہم کی جاتی رہیں گی۔