لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری فورس پر حملہ، اٹلی کا اسرائیل سے شدید احتجاج
اسرائیل نے گزشتہ روز جنوبی لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری فورس (یو این آئی ایف آئی ایل) کے تین کیمپوں پر حملہ کیا۔ اطالوی میڈیا رپورٹس کے مطابق ان میں سے دو کیمپ اٹلی کے ہیں۔ اس حوالے سے اٹلی کی وزیر اعظم جارجیا میلونی نے 10 تاریخ کو کہا کہ یہ حملہ ناقابل قبول ہے۔
اسی دن اٹلی کے وزیر دفاع گائیڈو کروسیٹو نے اٹلی میں تعینات اسرائیلی سفیر کو طلب کرتے ہوئے اسرائِیل سے اس حملے کی وضاحت کا مطالبہ کیا ۔ کروسیٹو نے میڈیا کو بتایا کہ یو این آئی ایف آئی ایل پر حملہ جنگی جرم کے مترادف ہے اور یہ واقعہ کوئی حادثہ نہیں تھا۔
اسی دن باخبر ذرائع نے انکشاف کیا کہ لبنانی حزب اللہ کے اعلیٰ رہنما وافق صفا بیروت میں اسرائیلی کارروائی میں بچ نکلے۔ قبل ازیں اسرائیلی آرمی ریڈیو نے اعلان کیا تھا کہ اسرائیل کے بیروت پر حملے کا مقصد وافق کی ہلاکت ہے ۔ وافق حزب اللہ کے سینئر رکن ہیں اور انہیں حزب اللہ کے "وزیر دفاع” کے طور پر سمجھا جاتا ہے ۔
حالیہ دنوں شام کے کئی مقامات بھی اسرائیلی فضائی حملوں کا نشانہ بنے ہیں۔ شام کے ذرائع ابلاغ نے 10 تاریخ کو اطلاع دی کہ اسرائیلی فوج نے صوبہ حمص کے حسیا صنعتی زون میں ایک آٹوموبائل اسمبلی پلانٹ اور صوبہ حما میں شامی فضائیہ کے فضائی دفاعی مقام پر حملہ کیا۔ روس کی وزارت خارجہ نے اسرائیل کی جانب سے حالیہ فضائی حملوں کی شدید مذمت کی اور شام کی علاقائی خودمختاری کے احترام پر زور دیا۔