چین کا لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے حصول پر زور
لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا حصول اولین ترجیح ہونی چاہیے، چینی مندوب
اقوام متحدہ :اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے فرانس کی درخواست پر لبنان اور اسرائیل کی صورتحال پر غور کرنے کے لیے ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا۔ جمعہ کے روز اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب فو چھونگ نے اجلاس میں اس بات پر زور دیا کہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا حصول اولین ترجیح ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی دفاعی افواج نے لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری فورس (یو این آئی ایف آئی ایل) کے ٹھکانوں اور گارڈ ٹاورز پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں یو این آئی ایف آئی ایل کے اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ چین نے اس پر گہری تشویش اور شدید مذمت کا اظہار کیا ہے۔ امن دستوں پر جان بوجھ کر کیا جانے والا کوئی بھی حملہ بین الاقوامی انسانی قانون اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 کی سنگین خلاف ورزی ہے اور اسے فوری طور پر بند کیا جانا چاہیے۔ چین نے واقعے کی تحقیقات، احتساب اور دوبارہ ایسے واقعات کے رونما ہونے کو روکنے کے لیے اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔فو چھونگ نے کہا کہ سلامتی کونسل کے لیے ضروری ہے کہ وہ فوی طور پر کارروائی کرے۔ چین نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی مہم جوئی کی کارروائیوں کو روکے جو خطے کو ایک نئی تباہی کی طرف دھکیل سکتی ہیں۔ چین بعض ممالک پر زور دیتا ہے کہ وہ تاخیر، تحفظ اور ملی بھگت جیسی کارروائیاں بند کریں، ذمہ دارانہ رویہ اپنائیں اور مزید عدم استحکام کو روکنے کے لیے تعمیری کردار ادا کریں۔