شمالی کوریا نے جنوبی کوریا کے ساتھ اپنی جنوبی سرحد کو مستقل طور پر بند کرنے کا اعلان کر دیا
شمالی کوریا کے عسکری حکام نے 9 اکتوبر کو ایک بیان جاری کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ اسی دن سے جنوبی سرحد پر جنوبی کوریا سے متصل ریلوے اور سڑکوں کو مکمل طور پر بند کر رہے ہیں ۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا کے ساتھ جنوبی سرحد سے متصل جنوبی کوریا کے علاقے میں بار بار جارحیت کی مشقوں کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔ علاوہ ازیں، امریکہ کے جوہری اسٹریٹجک اثاثوں کی موجودگی بھی ایک وجہ ہے۔ جزیرہ نما کوریا کی شدید عسکری صورتحال کے پیش نظر شمالی کوریا کی فوج کو قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے سخت جوابی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ شمالی کوریا کی جنوبی سرحد پر سنگین صورتحال کے تناظر میں ، کورین پیپلز آرمی کے جنرل اسٹاف نے اعلان کیا کہ وہ شمالی کوریا کے علاقے کو جنوبی کوریا کے علاقے سے مکمل طور پر الگ کرنے کے لئے خاطر خواہ فوجی اقدامات کرے گا۔یہ جنگ پر قابو پانے اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے اپنے دفاع کا ایک اقدام ہے۔ کورین پیپلز آرمی کے جنرل اسٹاف نے یہ بھی کہا کہ جنوبی سرحد کے حساس علاقے میں مضبوط ری انفورسمنٹ منصوبے کے پیش نظر امریکی فوج کو بھی ٹیلی فون کے ذریعے مطلع کیا گیا ہے تاکہ غلط فہمیوں سے بچا جا سکے ۔