News Views Events

تمام تر کاوشوں کے باوجود کراچی واقعہ پر افسوس اور شرمندگی ہے، وزیراعظم

چین جا کر یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ حکومت نے سکیورٹی کے سخت اقدامات کیے ہیں لیکن پھر بھی کراچی جیسا واقعہ ہوا جو ملک کے خلاف سازش ہے۔ کابینہ اجلاس سے خطاب

0

 

اسلام آباد( نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ افسوس کی بات ہے چین کو سکیورٹی کی یقین دہانی کے باوجود کراچی کا واقعہ ہوا جس میں 2 چینی انجینیئرز ہلاک ہوئے۔

کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بشام واقعے کے بعد چین کی طرف سے تشویش کا پیغام ملا تھا اور چین کو یقین دلایا تھا کہ چینی شہریوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ چین جا کر یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ حکومت نے سکیورٹی کے سخت اقدامات کیے ہیں لیکن پھر بھی کراچی جیسا واقعہ ہوا جو ملک کے خلاف سازش ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاق پر دن رات چڑھائی کی جا رہی ہے اور 2014 میں بھی کئی ماہ ڈی چوک پر دھرنا دیا گیا جو چینی صدر کا دورہ ملتوی کرنے کے لیے تھا۔ 2014 میں دشمن کے جو عزائم تھے یہ اسی کا تسلسل ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ان معاملات کو بالکل سنجیدہ نہیں لیا، جہاں دھرنے اور جلاؤ گھیراؤ ہوگا وہاں کون آکر سرمایہ کاری کرے گا، ملک کی جڑیں کاٹنے کے لیے سازشیں کی جا رہی ہیں اور اس جتھے کو پاکستان کی ترقی منظور نہیں۔ ان کو یہ فکر کھا رہی ہے کہ معیشت سنبھل گئی تو ہمیں کون پوچھے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.