پاکستان میں رہ کر جنت میں جانے کے امکانات امریکا کے مقابلے میں زیادہ ہیں، ذاکر نائیک
کراچی:معروف مذہبی سکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا سےکہیں بہتر ہے ،لوگ مجھ سے پاکستان کے حالات کی شکایت کرتے ہیں، پاکستان میں رہ کر جنت میں جانے کے امکانات امریکا کے مقابلے میں سینکڑوں گنا زیادہ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر ذاکر نائیک نے گورنر ہاؤس کراچی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم ملک کو چھوڑ کر غیر مسلم ملک میں بسنےکی حمایت نہیں کرتا، دوسروں کی نقل کر کے زندگی کا مقصد حاصل نہیں کیا جاسکتا، اس مقصد کو اللہ کے احکامات پر عمل کرکے حاصل کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قرآن میں والدین کے ساتھ حسن سلوک کا حکم دیا گیا ہے لیکن والدین اگر اللہ اور اس کے رسول کےخلاف حکم دیں تو نہ مانو۔ڈاکٹر ذاکر نائیک کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا سے کہیں بہتر ہے ، پاکستان میں رہ کر جنت میں جانے کے امکانات امریکا کے مقابلے میں سینکڑوں گنا زیادہ ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں عالمی شہرت یافتہ مذہبی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے اسلام میں مرد کو ایک سے زائد شادی کرنے کے سوال کا جواب دے دیا، گزشتہ دنوں گورنر ہاؤس کراچی میں ایک خاتون کی جانب سے سوال کیا گیا تھا۔
جس کے جواب میں ڈاکٹر ذاکر نائیک کا کہنا ہے کہ مسلمانوں کے علاوہ کسی بھی مذہب کی کتاب میں یہ نہیں لکھا کہ آپ صرف ایک ہی شادی کرو۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ قرآن پاک میں لکھا ہے کہ آپ شادی کرو، سورۃ النساء میں لکھا ہے کہ آپ اپنی پسند کی عورت سے شادی کرسکتے ہو، چاہے دو، تین یا چار، لیکن اگر آپ ان میں عدل نہیں کرسکتے تو آپ صرف ایک شادی کرسکتے ہو۔
انہوں نے اپنی تقریر کے دوران دنیا کی دیگر اقوام اور مذاہب میں بھی شادیوں سے متعلق تذکرہ کیا ہے۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ عام طور پر عورتیں زیادہ طاقتور ہوتی ہیں، ان میں بیماریوں کا مقابلہ کرنے کی طاقت لڑکوں سے زیادہ ہوتی ہے، اگر آپ دیکھیں تو کم عمری میں مرنے والوں کی تعداد لڑکوں کی زیادہ ہے، عورتیں زیادہ عمر پاتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا میں کہیں بھی جنگ ہوتی ہے تو زیادہ تر مرد ہی مرتے ہیں، صرف غزہ میں ایسا ہوا ہے کہ اسرائیلی فوج کے ہاتھوں خواتین کی موت زیادہ ہوئی ہے، کیونکہ اسرائیل نے چن چن کر بچوں اور عورتوں کو شہید کیا۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ صرف امریکا میں مردوں سے 42 لاکھ سے زائد عورتیں ہیں، روس میں 1 کروڑ سے زائد عورتیں ہیں، جرمنی میں لاکھوں عورتیں مردوں سے زیادہ ہیں، دنیا میں عورتوں کی تعداد مردوں سے زیادہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر امریکا میں ہر مرد نے ایک عورت سے شادی کی تو اس کے بعد بھی 42 لاکھ عورتیں ایسی ہوں گی جنہیں شادی کیلئے مرد نہیں ملیں گے، ایسی صورت حال میں ان کے پاس 2 راستے ہیں ان میں سے ایک یہ کہ وہ کسی ایسے مرد سے شادی کریں جو پہلے سے شادی شدہ ہے اور دوسرا راستہ یہ ہے کہ وہ بے راہ روی کا شکار ہوجائیں، اس صورت میں ایسی عورت پہلا راستہ ہی اختیار کرے گی۔
یاد رہے کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک حکومت پاکستان کی دعوت پر پاکستان آئے ہیں، وہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں مختلف تقاریب سے خطاب کریں گے اور اہم ملکی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ان دنوں ڈاکٹر ذاکر نائیک 10 دن کے دورے پر کراچی میں موجود ہیں۔