نامور کمپیئر اور مصنف دلدار پرویز بھٹی کو بچھڑے 30برس بیت گئے
دلدار پرویز بھٹی کی 30ویں برسی 30اکتوبر کو منائی جائے گی
لاہور:پاکستان ٹیلی ویڑن اور ریڈیو کے نامور کمپیئر، کالم نگار اور مصنف دلدار پرویز بھٹی کی 30ویں برسی 30اکتوبر کو منائی جائے گی وہ1948 کو گوجرانوالہ میں پیدا ہوئے اور ابتدائی تعلیم بھی یہیں سے حاصل کی۔دلدار بھٹی نے اپنے کیریئر کا آغاز بطور استادکیا تھا اور ساہیوال کے گورنمنٹ کالج میں لیکچرار تعینات ہوئے ۔
تفصیلات کے مطابق نامور کمپیئراورمصنف دلدار پرویز بھٹی کو مداحوں سے بچھڑے 30برس بیت گئے، بیک وقت اردو، انگریزی اور پنجابی زبانوں پر عبور اُن کی پہچان بنا۔
دلدار پرویز بھٹی، دلداری کرنے والا ہمدرد اور مخلص انسان ہر دلعزیز فنکار اور استاد 30 نومبر 1948ء کو گوجرانوالہ میں پیدا ہوئے، انہوں نے کیریئر کا آغاز گورنمنٹ کالج ساہیوال سے بطور لیکچرار کیا۔
دلدار پرویز بھٹی اپنی حاضر جوابی میں بھی بے مثال تھے، ادب کے دائرے میں رہ کر طنز و مزاح اور لوگوں کو ہنسانے کے فن سے بخوبی آشنا تھے، اسی طرزِ گفتگو کے سبب لوگوں میں بہت پسند کئے جاتے تھے، انہیں پنجابی، اردو اور انگریزی زبانوں پر عبور حاصل تھا۔
پی ٹی وی کو پنجابی میں پہلا کوئز شو شروع کرنے کا آئیڈیا دلدار پرویز بھٹی نے دیا اور ’’ٹاکرا‘‘ نامی اس پروگرام سے اپنے فنی سفر کا آغاز کیا، ’’میلہ‘‘، ’’یادش بخیر‘‘ اور ’’پنجند‘‘ جیسے مقبولِ عام پروگرام بھی کامیابی سے پیش کئے۔
پی ٹی وی کے ساتھ 1974ء سے مرتے دم تک منسلک رہے، دلدار پرویز بھٹی کی تحریر کردہ کتابوں میں ’’دلداریاں‘‘، ’’ آمنا سامنا‘‘ اور ’’دلبر دلبر‘‘ نمایاں ہیں۔
30 اکتوبر 1994ء کو امریکا میں دماغ کی شریان پھٹنے سے دلدار پرویز بھٹی دنیائے فانی سے کوچ کر گئے۔