News Views Events

ملک بھر میں یوم بحریہ آج ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

0

سمندری حدود کے نگہبانوں کو سلام، ملک بھر میں یوم بحریہ آج ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 8 ستمبر پاک بحریہ کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے، 1965 کی جنگ میں بری اور فضائی افواج نے دفاع وطن کا فریضہ بھرپور طریقے سے انجام دیا لیکن 8 ستمبر کا دن پاک بحریہ کے نام رہا۔
طیارہ بردار جہاز نہ ہونے کے باوجود پاک بحریہ نے اس جنگ میں بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کی نئی تاریخ رقم کی۔1965 کو جب رات کی تاریکی میں بھارتی فوج نے پاکستان پر شب خون مارنے کی مذموم کوشش کی تو پاک افواج نے تمام محاذوں پر منہ توڑ جواب دیا، بری اور فضائی محاذوں کے ساتھ ساتھ بحری محاذ پر بھی دشمن کو دھول چٹائی اور4 گنا بڑی بھارتی فوج کو منہ کی کھانا پڑی۔
کراچی سے تقریباً350 کلو میٹر دور دوارکا کو بھارت کے دفاعی قلعے کی حیثیت حاصل تھی، جہاں قائم ریڈار سٹیشن سے بھارتی فضائیہ کو مدد فراہم کی جا رہی تھی،7 جنگی جہازوں پر مشتمل پاک بحریہ کا جنگی بیڑا ریڈیو سگنلز کے بغیر آگے بڑھا اور دوارکا کے سر پر پہنچ کر توپوں کا منہ کھول دیا، بحری فوج نے چند منٹ میں بھارتی ریڈار سٹیشن مکمل تباہ کر دیا۔
دوارکا آپریشن پاکستان کی تاریخ کا ایک انمٹ باب اور پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ کارکردگی کا ناقابل فراموش کارنامہ ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی کا یومِ بحریہ پر اہم پیغام
وزیرِ اعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یومِ بحریہ کے موقع پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
یومِ بحریہ پر خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بحریہ کی مستقل مزاجی فرض شناسی کا ثبوت ہے، یوم بحریہ پر پاکستان بحریہ کے تمام اراکین کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاک بحریہ کی مستقل مزاجی ان کی فرض شناسی اور وطن سے محبت کا ثبوت ہے، پاک بحریہ کی خدمات اور قربانیوں کی دل سے قدر کرتے ہیں۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ سمندری سرحدوں کے تحفظ میں پاک بحریہ کے کردار کو بہت اہمیت دیتے ہیں، آج ہم تعلیم کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں پر عزم ہیں، پاک بحریہ کے افسر اور نوجوان ہمارا فخر ہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اپنے بہادر سمندری محافظوں کی عظیم قربانیوں اور بے مثال خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
یوم بحریہ پر اپنے خصوصی پیغام میں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ 8 ستمبر ہماری دفاعی تاریخ کا ایک اور عظیم الشان و یادگار دن ہے، 1965 کی جنگ میں پاک بحریہ کے سرفروشوں نے دشمن کی سمندری طاقت کا غرور ملیامیٹ کیا۔
انہوں نے کہا کہ 8 ستمبر بھی قربانیوں، لازوال جذبوں اور غیر معمولی کارناموں کی تاریخ سموئے ہوئے ہے، بری، فضائی کی طرح بحری فوج نے بھی جوانمردی سے دشمن کو پسپا کیا، پاک بحریہ کے جانبازوں نے سمندری حدود کا دفاع کرتے ہوئے دشمن کو شکست دی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سمندری سرحدوں کی حفاظت کرنے والے پاک بحریہ کے افسر اور جوان ہمارا فخر ہیں، 1965 کی جنگ میں پاک بحریہ کے ناقابل فراموش کردار کو سنہری حروف سے تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پاک بحریہ ہر قسم کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے، نیوی ڈے پاک بحریہ کے بہادر سپوتوں کے عظیم کارناموں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے، پاک بحریہ 8 ستمبر 1965 کے جذبے کو زندہ جاوید رکھنے کے لیے پر عزم ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.