چین کا غزہ میں جنگ بندی کی جلد از جلد تکمیل کے لئے سفارتی کوششوں میں اضافے کا مطالبہ
اقوام متحدہ میں چین کے نائب مستقل نمائندے گنگ شوانگ نے سلامتی کونسل کی جانب سے فلسطین اسرائیل صورتحال کے حوالے سے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایک بار پھر مطالبہ کیا ہے کہ تمام قیدیوں کی جلد از جلد بازیابی کے لئے سفارتی کوششوں کو بڑھایا جائے۔
چینی نمائندے نے کہا کہ غزہ میں چھ قیدیوں کی ہلاکت افسوس ناک ہے اور چین عام شہریوں کے خلاف تشدد کی مذمت کرتا ہے۔ سفاکانہ حقائق پوری طرح ظاہر کرتے ہیں کہ جنگ کو طویل کرکے مکمل فتح حاصل کرنے کی کوشش محض یکطرفہ خواہش ہے۔ اسرائیلی قیادت کو عوام کی مضبوط آواز سن کر قیدیوں کی بازیابی اور زندگیوں کی حفاظت کو اولین ترجیح دینی چاہئے اور جنگ کے خاتمے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے۔ متعلقہ فریقوں پر نمایاں اثر و رسوخ رکھنے والے ممالک کو بھی سنجیدہ اور ذمہ دارانہ رویے سے غزہ میں جنگ کے خاتمےکے لئے ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں۔ چینی نمائندے کا یہ بھی کہنا تھا کہ بین الاقوامی برادری کو غزہ میں انسانی المیے کو دریائے اردن کے مغربی کنارے میں رونما ہونے کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔ چین تمام فریقین بالخصوص اسرائیل پر زور دیتا ہے کہ وہ صبر و تحمل سے کام لیتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، یہودی بستوں کی سرگرمیاں اور دریائے اردن کے مغربی کنارے پر حملے بند کرے۔