News Views Events

یونیسف کی طرف سے منکی پاکس ویکسین کے لیے ہنگامی ٹینڈر

0

 

 

یونیسیف، افریقی سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے ایک مشترکہ بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ یونیسیف نے منکی پاکس کی وبا سے بہت زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کو اس کی ویکسین فراہم کرنے کے لیے ہنگامی ٹینڈر جاری کیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ طلب، ویکسین مینوفیکچررز کی پیداواری صلاحیت اور فنڈز کی دستیابی کو دیکھتے ہوئے منکی پاکس ویکسین کی 12 ملین خوراکوں کی خریداری کے معاہدوں پر دستخط کیے جاسکتے ہیں ۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ڈبلیو ایچ او 23 اگست سے ویکسین مینوفیکچررز کی جانب سے پیش کردہ معلومات کا جائزہ لے رہا ہے اور توقع ہے کہ ستمبر کے وسط میں ڈبلیو ایچ او کی "ہنگامی استعمال کی فہرست” میں ویکسین کو شامل کرنے کے لئے نظر ثانی کا عمل مکمل ہوجائے گا۔

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے 14 اگست کو منکی پاکس کی وبا کو "بین الاقوامی تشویش کی عوامی صحت کی ہنگامی حالت” قرار دیا تھا۔ جولائی 2022 کے بعد سے یہ دوسرا موقع ہے جب ڈبلیو ایچ او نے منکی پاکس پھیلنے پر انٹرنیشنل ہیلتھ ریگولیشنز (آئی ایچ آر) کے تحت اعلیٰ ترین سطح کی وارننگ جاری کی ہے۔

عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ منکی پاکس وائرس کی نئی قسم ‘کلڈ آئی بی’ گزشتہ سال جمہوریہ کانگو میں سامنے آئی تھی اور تیزی سے ہمسایہ ممالک برونڈی، کینیا، روانڈا اور یوگنڈا میں پھیل گئی تھی۔ ادارے کا یہ بھی کہنا ہے کہ موجودہ منکی پاکس کی وبا افریقہ اور دیگر براعظموں میں مزید پھیلنے کی صلاحیت رکھتی ہے جو کہ انتہائی تشویشناک ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.