News Views Events

سمندری طوفان اسنیٰ کراچی سے 120کلومیٹر دور ،محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری

0

کراچی : سمندری طوفان اسنیٰ کراچی سے 120 کلومیٹر دور رہ گیا جس کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے شمال مشرقی بحیرہ عرب میں بننے والے سمندری طوفان اسنا کے حوالے سے چھٹا الرٹ جاری کردیا۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ سندھ کے ساحل سے شمال مشرقی بحیرہ عرب پر آنے والا سمندری طوفان اسنیٰ گزشتہ 6 گھنٹوں کے دوران مغرب کی طرف بڑھا جس کے بعد اس کا کراچی سے فاصلہ تقریباً 120 کلو میٹر جبکہ ٹھٹھہ سے 180 کلو میٹر رہ گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے ساحلی مقام اوڑماڑہ سے طوفان کا فاصلہ 250 کلومیٹر جبکہ گوادر سے 440 کلومیٹر ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں طوفان کے زیر اثر وقفے وقفے سے تیز بارش کا امکان ہے جبکہ بدین، ٹھٹہ، سجاول، حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان اور دیگر اضلاع میں تیزہواؤں کا امکان ہے، اس دوران 60 سے 70 کلومیٹرفی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں اور 80 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہواؤں کے جھکڑ چل سکتے ہیں۔
سندھ کے اضلاع دادو جبکہ بلوچستان کے اضلاع حب، لسبیلہ، آواران، کیچ اور گوادر میں یکم ستمبر تک بارش کا امکان ہے، شدید بارشوں سے مکران کے ساحلی علاقوں میں نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں کے ساتھ سمندر بہت زیادہ ناہموار رہنے کا امکان ہے جس کے باعث سندھ اور بلوچستان کے ماہی گیروں کو یکم ستمبر تک سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.