News Views Events

سندھ کی ساحلی پٹی پر طوفان کا خدشہ، محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کردیا

0

اسلام آباد(نیوزڈیسک)محکمہ موسمیات پاکستان (پی ایم ڈی) نے صوبہ سندھ کی ساحلی پٹی پر طوفان کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب میں رن آف کچ کے علاقے کے اوپر ہواؤں کا شدید دباؤ موجود ہے، ہواؤں کا یہ سلسلہ سندھ کی ساحلی پٹی کی جانب آج رات یا کل تک پہنچ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ ہواؤں کے اس دباؤ سے سائیکلون طوفان آنے کا خدشہ ہے جب کہ ہواؤں کے اس دباؤ کے وجہ سے سندھ کے علاقوں تھر پارکر، بدین، حیدر آباد، کراچی سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں شدیدبارشیں متوقع ہیں۔
ادارے کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ محکمہ موسمیات کا سائیکلون وارننگ سسٹم اس تمام صورتحال پر نظر رکھ رہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز محکمہ موسمیات نے کہا تھا کہ تھرپارکر کے جنوب اور اس سے ملحقہ رن آف کچھ (بھارتی ریاست گجرات اور پاکستان کی سرحد کے درمیان واقع صحرائی علاقہ) میں موجود ڈیپ دپریشن مغرب سے جنوب مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے اور اس کے بدھ کی رات یا جمعرات کی صبح تک شمال مشرقی بحیرہ عرب اور ملحقہ سندھ کے ساحل تک پہنچنے کا امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ ڈاکٹر سردار سرفراز نے بتایا تھا کہ تمام ماڈل ساحل کے قریب پہنچنے والے ایک مضبوط مون سون نظام کی نشاندہی کر رہے ہیں اور ابھی تک اس بات کا کوئی امکان نہیں ہے کہ یہ اپنی شدت کھو دے گا، درحقیقت، اس میں شدت آنے کا امکان ہے۔
ان کے مطابق تجربہ بتاتا ہے کہ مون سون کے نظام سے کراچی میں زیادہ سے زیادہ بارش اس وقت ہوتی ہے جب وہ شہر کے جنوب اور جنوب مغرب میں پہنچتا ہے، شہر میں جمعرات کی صبح یا دوپہر کو موسلادھار بارش ہو سکتی ہے، ہم دو سے تین دنوں میں شہر میں 150 ملی میٹر سے 200 ملی میٹر بارش کی توقع کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر سردار سرفراز کے مطابق اسی عرصے کے دوران طوفان میں اضافے کا بھی امکان ہے جب یہ نظام سمندر کے اوپر ہوگا اور اس کی شدت میں اضافہ ہوگا۔
حکام کے مطابق پیشن گوئی کی مدت کے دوران 30-40 کے ٹی ایس کی تیز ہوائیں چلنے کے ساتھ ساتھ سمندری حالات انتہائی خراب رہنے کا امکان ہے، ماہی گیروں کو 30 اگست تک کھلے سمندر میں نہ جانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.