News Views Events

ملک دشمنوں سے کوئی بات نہیں ہوگی، دہشتگردی کو ختم کرنے کا وقت آ پہنچا، وزیراعظم

دہشتگردوں کا مقصد پاکستان چین کے درمیان فاصلے پیدا کرنا ہے، وزیراعظم شہباز شریف کا کابینہ اجلاس سے خطاب

0

 

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کو ختم کرنے کا اب وقت آن پہنچا۔

تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے وفاقی کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان میں گزشتہ روز پیش آئے دہشت گردی کے واقعات کے بارے میں کہا کہ 50 سے زائد شہری اور سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے ہیں، خیبر پختون خوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کی لہر میں ٹی ٹی پی ملوث ہے جو افغانستان سے حملے کررہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردوں کی بہت بڑی غلط فہمی ہے کہ وہ بے گناہ شہریوں کو شہید کرکے اپنی دھاک بٹھاسکتے ہیں، دہشت گری کا مقصد ملک میں خلفشار پیدا کرنا اور خوش حالی کےلیے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات کو روکنا ہے، سی پیک کو روکا جاسکے اور پاکستان و چین کے درمیان فاصلے پیدا کیے جاسکیں۔

انہوں نے کہا کہ باقی اخراجات کم کرکے فوج کو تمام تر مالی وسائل فراہم کریں گے، دہشت گردوں کے عزائم خاک میں مل جائیں گے، ہمیں اپنے دشمنوں کو پہچاننا اور شکست دینے کیلئے یکجا ہونا ہوگا، دہشت گردی کو ختم کرنے کا اب وقت آن پہنچا، اسے اب ہر صورت ختم کرکے دم لیں گے، دہشت گردوں کےلیے کوئی جگہ نہیں۔

 

شہباز شریف نے کہا کہ پختہ ارادے سے آگے بڑھنا ہے، کسی کمزوری کا سوال پیدا نہیں ہوتا، بلوچستان میں جو لوگ قومی پرچم ، آئین و قانون کو تسلیم کرتے ہیں ان سے بات چیت کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں لیکن دیگر سے کوئی بات چیت نہیں اور نرمی روا نہیں رکھی جائے گی، کل کے واقعات سب کے لیے لمحہ فکریہ ہیں، مل جل کر چیلنجز کا خاتمہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کہنا کہ ملک کے کس حصے کے لوگوں کو بسوں سے اتار کر شہید کیا گیا، اس کے بجائے یہ کہنا ملکی سالمیت کے حوالے سے مناسب ہوگا کہ دہشت گردوں نے پاکستانیوں کو شہید کیا، جلد بلوچستان کا دورہ کرکے مکمل جامع بات چیت کروں گا اور صورتحال کا جائزہ لے کر اور فی الفور اقدامات کیے جائیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.