بیجنگ کا گارڈن سٹی پلان
اعتصام الحق ثاقب
گزشتہ ایک دہائی میں چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ماحول کو بہتر کرنے کے لئے جن اہم اقدامات پر توجہ دی گئی ان میں سے ایک شہر میں گرین ایریا کے رقبے کو بڑھانا بھی ہے۔اس سلسلے میں شہر میں گزشتہ دہائی سے عوام کے لیے گرین ایریا اور پارکس کو بڑھانے کے لیے بے انتہا کوششیں ہوئی ہیں اور شہر کے ارد گرد پارکس بنا کر ہزاروں ہیکٹر رقبے پر ہریالی کا اضافہ کیا گیا ہے ۔
اصل میں یہ اقدامات اس منصوبے کا حصہ ہیں جسے بیجنگ گارڈن سٹی پلان 2023 تا 2035 ” کے نام سے جانا جاتا ہے ۔ انسان اور فطرت کے مابین ہم آہنگی کے ذریعے جدید کاری کو آگے بڑھانا اور گارڈن سٹی کے لیے اعلی معیار کی ترقی کو اپنانا” اس منصوبے کا خاص اہم نکات ہیں ۔ منصوبے کے اہم اہداف میں 2035 تک شہری علاقے میں جنگلات کی کوریج کی شرح کو 45 فیصد سے زیادہ تک بڑھانا ، ایک لاکھ ہیکٹر سے زیادہ قابل کاشت زمین کا تحفظ ، 500 کلومیٹر طویل پانی اور گرین بیلٹ کا قیام ، اور تفریحی مقامات میں پارکس کو بڑھانا شامل ہے ۔
اس منصوبے کے حوالے سے بیجنگ میونسپل فاریسٹری اینڈ پارکس بیورو کی ایک عہدیدار کہتی ہیں کے ادارے نے گارڈن سٹی کی تعمیر کے اعلی سطحی ڈیزائن کو نہ صرف وضع کیا ہے بل کہ اب اسے اور بھی بنایا جا رہا ہے ۔ اس سال بیجنگ میں ماحولیاتی رقبے کو مزید آگے بڑھا تے ہوئے 200 ہیکٹر سبز جگہ کا اضافہ کیے جانے کا منصوبہ ہے جس میں تقریبا 666 ہیکٹر اراضی پر جنگلات لگائے جائیں گے ، 15 نئے تفریحی پارکس بنائے جائیں گے اور 50 چھوٹے پارکس اور سبز جگہوں کا قیام ہو گا ۔
گارڈن سٹی کی تعمیر میں سب سے اہم مسئلہ یہ ہے کہ رہائیشی جگہ اور پارکس کو کیسے آپس میں ملایا جائے تا کہ شہری زندگی بھی معمول کے مطابق رہے اور سبزے میں بھی اضافہ ہوسکے جس کے لیے شہر کے تمام محکموں کا آ پس میں کو آرڈینیشن ہے ۔
"گارڈن سٹی "کی طرز پر تعمیر اب بیجنگ کی شناخت کا لازمی جز و ہے اور اسی لئے کوشش کی جاتی ہے کہ سبز ے کو بڑھانے کے لیے دستیاب تمام زمین کو استعمال میں لایا جائے۔ اس سلسلے میں چھوٹے پارکس خالی زمین کو سبزے میں بدلنے لے لئے مدد کر تے ہیں اور گھر سے پارک تک کا فاصلہ بہت کم ہو جاتا ہے ۔ گزشتہ چند سالوں میں رہائش کے لئے مخصوص علاقوں کے ارد گرد اس طرح کے 600 سے زیادہ چھوٹے پٌارکس اور سبز مقامات بنائے گئے ہیں ۔ پرسکون مقامات سے لے کر متحرک کمیونٹی مراکز تک ، یہ پارک ہریالی اور تفریح کے غیر متوقع مظاہر پیش کرتے ہیں ۔
2012 سے ، بیجنگ نے ایک اہم شہری حکمرانی کے اقدام کا آغاز کیا ہے ، جس میں 7,000 ہیکٹر سے زیادہ سبز مقامات کا اضافہ کیا گیا ہے ۔ان میں متعدد شہری تفریحی پارکس ، مضافاتی پارکس ، چھوٹے پارکس اور چھوٹے چھوٹے سبز مقامات شامل ہے ۔ اس اضافے کے نتیجے میں ، فی کس پارک کا رقبہ 5.5 سے بڑھ کر 16.9 مربع میٹر ہو گیا ہے ۔ بیجنگ اب ایک ہزار سے زائد پارکس کا شہر بن گیا ہے کیوںکہ یہاں 1,065 پارکس پورے شہر میں موجود ہیں ۔اس کے ساتھ ہی بیجنگ میں جنگلات کی کوریج 44.9 فیصد تک پہنچ گئی ہے ، جبکہ شہری سبز کوریج 49.8 فیصد کی متاثر کن سطح پر ہے ۔ اس کے علاوہ 13 اضلاع میں 128 نئے جنگلاتی فارم قائم کیے گئے ہیں ، جو 182,700 ہیکٹر جنگلاتی زمین پر مشتمل ہیں اور اس سے 24,000 روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں ۔
بیجنگ کے ماحولیاتی بہتری کے اقدامات سے پرندوں کے مسکن کے معیار میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔ آج ، شہر میں پرندوں کی 519 اقسام موجود ہیں جو چین کے پرندوں کی ایک تہائی سے زیادہ اقسام کی نمائندگی کرتی ہیں اور جی 20 دارالحکومتوں میں بیجنگ کا تنوع دوسرے نمبر پر ہے ۔