News Views Events

رونالڈو کے یوٹیوب چینل نے لانچ ہوتے ہی ریکارڈ بنا ڈالا

0

سعودی عرب میں مقیم پرتگال کے مشہور کھلاڑی رونالڈو نے یوٹیوب چینل لانچ کیا تو ڈیڑھ گھنٹے میں اس کے سبسکرائبرز 10 لاکھ سے تجاوز کر گئے۔کرسٹیانو رونالڈو کا کہنا تھا کہ انتظار ختم ہوا۔ میرا یوٹیوب چینل بلآخر اب سامنے آ گیا ہے۔
رونالڈو نے اپنے یوٹیوب چینل پر 19 ویڈیوز اپ لوڈ کی ہیں اور ہر ویڈیو پر کئی ملین ویوز آ چکے ہیں۔انہوں نے اپنے یو ٹیوب چینل کا نام ’یو آر کرسٹیانو‘ رکھا ہے۔
دنیا کے نامور فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے بدھ کو اپنا یوٹیوب پر چینل لانچ کیا جس نے محض ڈیڑھ گھنٹے سے بھی کم وقت میں 10 لاکھ سبسکرائبرز حاصل کر کے نیا ریکارڈ بنا لیا ہے۔
پرتگال سے تعلق رکھنے والے رونالڈو نے بدھ کو اپنا یوٹیوب چینل باقاعدہ طور پر لانچ کیا اور اس پر چند ویڈیوز بھی اپ لوڈ کی ہیں۔ البتہ ان کے یوٹیوب چینل پر موجود تفصیلات سے معلوم ہوتا ہے کہ انہوں نے یہ چینل گزشتہ ماہ آٹھ جولائی کو بنایا تھا۔
امریکی بزنس میگزین ’فوربز‘ کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو کے چینل نے لانچ ہونے کے ڈیڑھ گھنٹے میں ایک ملین سے زائد سبسکرائبرز کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ یہ کسی بھی چینل کے دو گھنٹے سے بھی کم وقت میں حاصل کیے جانے والے سب سے زیادہ سبسکرائبرز ہیں۔
رونالڈو نے اپنے یو ٹیوب چینل کا نام ’یو آر کرسٹیانو‘ رکھا ہے۔
کرسٹیانو رونالڈو سوشل میڈیا کے دیگر پلیٹ فارمز پر پہلے سے موجود ہیں جہاں انہیں فالو کرنے والے صارفین کی تعداد کروڑوں میں ہیں۔ البتہ وہ ویڈیوز کے لیے مشہور پلیٹ فارم یوٹیوب پر موجود نہیں تھے۔
عالمی میڈیا کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو کا کہنا تھا کہ انتظار ختم ہوا۔ میرا یوٹیوب چینل بالآخر اب سامنے آ گیا ہے۔ انہوں نے مداحوں سے چینل سبسکرائب کرنے کی بھی اپیل کی۔
اسٹار فٹ بالر کی جانب سے یوٹیوب چینل کو سبسکرائب کی اپیل نہ بھی کی جاتی تو ان کے مداح شدت سے ان کے چینل کی آمد کے منتظر تھے۔
چینل لانچ ہونے کے 14 گھنٹوں میں ہی انہوں نے اس پر 19 ویڈیوز اپ لوڈ کیں اور اس دوران ان کے سبسکرائبرز کی تعداد ایک کروڑ 33 لاکھ سے تجاوز کر چکی تھی۔
’فوربز‘ کے مطابق رونالڈو نے اپنے مداحوں سے عہد کیا ہے کہ وہ یوٹیوب چینل کے ذریعے اپنی زندگی کا وہ حصہ سامنے لائیں گے جو اب تک ان سے پوشیدہ تھا جس میں صرف فٹ بال شامل نہیں ہے۔
انہوں نے یوٹیوب چینل پر اپنے اہلِ خانہ، صحت، غذا، کھیل کے لیے تیاری، تندرستی، تعلیم اور کاروبار سے متعلق کنٹینٹ شامل کیا ہے۔
رونالڈو نے چینل لانچ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے مداحوں سے سوشل میڈیا کے ذریعے رابطے میں رہنا ہمیشہ ہی اچھا لگتا ہے اور اب مداح مختلف موضوعات پر ان کی رائے جان سکیں گے۔
ان کے بقول ’’یوٹیوب کے ذریعے اب مجھے ایک بڑا پلیٹ فارم میسر آ گیا ہے۔‘‘
رونالڈو کی 14 گھنٹے قبل یوٹیوب چینل پر اپ لوڈ کی گئی کئی ویڈیوز میں سے ایک ویڈیو لگ بھگ 90 لاکھ بار دیکھی جا چکی ہے۔
واضح رہے کہ رونالڈو کو فیس بک پر 17 کروڑ صارفین، انسٹاگرام پر 63 کروڑ 60 لاکھ افراد اور ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر 11 کروڑ 26 لاکھ لوگ فالو کرتے ہیں۔
ان کے نام سے مختلف میڈیا اداروں نے واٹس ایپ پر بھی چینل بنائے ہوئے ہیں جہاں لاکھوں افراد موجود ہیں۔
انتالیس سالہ رونالڈو جنوبی یورپ کے ملک پرتگال سے تعلق رکھتے ہیں اور وہ قومی ٹیم کے اسٹار ہیں۔
وہ اسپین کے فٹ بال کلب ریال میڈرڈ اور برطانیہ کے فٹ بال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کے لیے بھی کھیلتے رہے ہیں۔ اس وقت وہ سعودی فٹ بال کلب النصر سے وابستہ ہیں جسے انہوں نے دسمبر 2022 میں جوائن کیا تھا۔
النصر فٹ بال کلب نے پرتگال کے کپتان اور پانچ مرتبہ بیلن ڈی اور ایوارڈ جیتنے والے کھلاڑی سے ڈھائی سال کے لیے معاہدہ کیا تھا جس کی مد میں رونالڈو کو ایک اندازے کے مطابق سالانہ 17 کروڑ 50 لاکھ یوروز ادا کیے جائیں گے جو کسی بھی اسپورٹس میں کسی بھی کھلاڑی کا سب سے بڑا معاہدہ قرار دیا جاتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.