اداکار جمشید انصاری کو مداحوں سے بچھڑے 19برس بیت گئے
لاہور:اداکار جمشید انصاری کی19ویں برسی 24اگست کو منائی جائے گی۔ جمشید انصاری 31 دسمبر 1942 کو بھارت کے شہر سہارن پور میں پیداہوئے ، وہ چھ برس کے تھے کہ ان کا خاندان بھارت سے ہجرت کرکے کراچی منتقل ہوگیا۔وہ گریجوایشن کرنے کے بعد برطانیہ چلے گئے جہاں انہوں نے کچھ عرصہ برطانوی نشریاتی ادارے میں کام کیااورٹی وی پروڈکشن کے کورسزبھی کیے ۔1968 میں وطن واپس آکرانہوں نے ٹی وی ڈراموں میں کام شروع کردیااور اپنے کیریئر کاآغازڈرامہ جھروکے سے کیا۔انہوں نے اپنے کیریئرمیں دوسوکے قریب ٹی وی ڈراموں اورفلموں میں اداکاری کے جوہردکھائے ۔جمشید انصاری نے ٹیلی ویژن کے ڈراموں، انکل عرفی،تنہائیاں، زیر زبر پیش، منزلیں، افشاں، ہمارے گھر میںاور دیگر میںبہترین اداکاری سے لوگوں کے دل جیت لیے۔وہ 24اگست 2005کو 63برس کی عمر میں طویل علالت کے بعد جہان فانی سے کوچ کر گئے۔