News Views Events

ایران میں پاکستانی زائرین کی بس کو حادثہ، 35 افراد جاں بحق

پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو نے کہا کہ حادثہ تہران سے 700 کلو میٹر دور یزد میں پیش آیا ہے، یزد کے لیے ایئر ٹکٹس دستیاب نہیں تھے اس لیے افسر گاڑی پر گئے ہیں

0

یزد :ایرانی شہر یزد میں پاکستانی زائرین کی بس خوفناک حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں 35 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ دیگر 18 زخمی افراد کی حالت نازک ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایران سے عراق جانے والی زائرین کی بس ایران کے شہر یزد میں خوفناک حادثے کا شکار ہوئی، جس میں 53 زائرین سوار تھے۔بیشتر کا تعلق لاڑکانہ، گھوٹکی اور سندھ کے دیگر شہروں سے ہے۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق ابتدائی رپورٹس سے پتا چلتا ہے کہ بس کو حادثہ بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا، زخمیوں کو قریبی ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
ایران میں تعینات پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو کا کہنا تھا کہ میرے پاس غم کا اظہار کرنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں لیکن یقین دلاتا ہوں کہ جاں بحق افراد کی میتیں وطن واپس لانے کے لیے ہر ممکن کوشش کروں گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ حکام آج صبح سفارت خانے سے تقریباً 700 کلومیٹر دور یزد کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی شہر زاہدان میں ایک افسر ہنگامی انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں، میں اہم انتظامات کے لیے ایران کی حکومت اور یزد کے میئر کے دفتر سے رابطے میں ہوں۔
صدر مملکت، وزیر اعظم کا اظہار افسوس
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی زائرین کی بس کو حادثے پر اظہار افسوس کیا ہے۔
آصف علی زرداری نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و جمیل کی دعا کی ہے۔
صدر مملکت نے وزارت خارجہ کو میتیں پاکستان لانے اور زخمیوں کو بروقت امداد پہنچانےکی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے حادثے میں جاں بحق افراد کےخاندانوں سے اظہار ہمدری کیا ہے جبکہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کےلیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
شہباز شریف نے تہران میں پاکستانی سفارتخانےکو متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہمی کی ہدایت کی ہے۔
چیئرمین سینیٹ کا پاکستانی زائرین کے جاں بحق ہونے پر اظہارِ افسوس
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے ایران میں بس حادثے میں پاکستانی زائرین کے جاں بحق ہونے پر اظہارِ افسوس کیا اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی۔
انہوں نے کہا کہ مشکل گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کا شریک ہوں۔
چیئرمین سینیٹ نے حادثے میں جاں بحق افراد کی مغفرت کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دعا گو ہوں۔
علاوہ ازیں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے اس واقعے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
دکھ کی اس گھڑی میں حکومت پنجاب متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے: مریم نواز
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بس حادثے میں زائرین کے جاں بحق ہونے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے زخمی زائرین کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
مریم نواز کا کہنا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں حکومت پنجاب متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے۔

انتہائی افسوسناک واقعے میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں: گورنر سندھ
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ایران بس حادثے میں پاکستانی زائرین کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کیا اور مرحومین کی مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ تشویشناک حالت میں مبتلا زائرین کا علاج ایران میں ہی کیا جائے، متعلقہ حکام سے حکومت پاکستان رابطے میں ہے، انتہائی افسوسناک واقعہ ہے جس میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں، میتوں کو پاکستان لانے کے لیے خصوصی انتظامات یقینی بنانا ہوں گے۔
بس حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر بہت دکھ ہوا: وزیرِ داخلہ
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے ایران میں بس حادثے میں زائرین کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بس حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر بہت دکھ ہوا ہے۔
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے ساتھ ہیں، جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
دوسری جانب ایران میں پاکستان کے سفیر مدثر ٹیپو کا کہنا ہے کہ یزد حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی میتیں جتنی جلدی ممکن ہوا واپس بھیجیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو نے کہا کہ حادثہ تہران سے 700 کلو میٹر دور یزد میں پیش آیا ہے، یزد کے لیے ایئر ٹکٹس دستیاب نہیں تھے اس لیے افسر گاڑی پر گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ حادثہ پیش آنے والی بس میں 51 مساٖفر سوار تھے، حادثے کی وجہ بس کی اوور اسپیڈنگ اور بریک فیل ہونا تھا، اوور اسپیڈنگ کی وجہ بس ایک اسکول کی دیوار سے ٹکرائی۔
مدثر ٹیپو کا کہنا ہے کہ یزد حادثے میں 28 پاکستانی شہریوں کے جاں بحق ہونے کی تصدق ہوئی ہے جبکہ 23 پاکستانی زخمی ہیں، متعدد زخمیوں کی حالت نازک ہے
پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستانی سفارتخانے نے اطلاع ملتے ہی ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کر کے ایرانی حکام سے رابطہ کیا، ایرانی وزارت خارجہ کے حکام اور یزد کی مقامی حکومت سے بھی رابطے میں ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی ہر ممکن مدد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، پاکستانی سفارتی حکام کو زخمیوں کی مدد کے لیے تہران سے روانہ کر دیا گیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.