پھیتھونگ تھارن شناوترا تھائی لینڈ کی نئی وزیر اعظم منتخب
پھیتھونگ تھارن شناوترا تھائی لینڈ کی نئی وزیر اعظم منتخب ہوگئیں ۔ عالمی میڈیا کے مطابق تھائی لینڈ کی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں کا اجلاس منعقد ہوا ،جس میں وزیر اعظم کے بارے میں رائے شماری کی گئی جس میں وزیر اعظم کے منصب کی امیدوار اور فیو تھائی پارٹی کی رہنما پھیتھونگ تھارن شناوترا ایوان زیریں کے نصف سے زیادہ ارکان کی حمایت سے نئی وزیر اعظم منتخب ہوئیں۔
پھیتھونگ تھارن شناوترا 1986میں پیدا ہوئیں ۔وہ تھائی لینڈ کے سابق وزیر اعظم تھاکسن شناوترا کی بیٹی ہیں اور اس وقت فیو تھائی پارٹی کی رہنما ہیں۔ منتخب ہونے کے بعد وہ تھائی لینڈ کی تاریخ کی سب سے کم عمر اور دوسری خاتون وزیر اعظم بن گئی ہیں۔
یاد رہے کہ رواں ماہ 14اگست کو تھائی لینڈ کی عدالت نے سابق وزیر اعظم سریتھا تھاویسن کو ان کے عہدے سے برطرف کرنے کا فیصلہ سنایا تھا جس کے بعد تھائی لینڈ کے حکمراں اتحاد نے گزشتہ روز فیو تھائی پارٹی کی رہنما پھیتھونگ تھارن شناوترا کو وزیر اعظم کے امیدوار کے طور پر نامزد کرنے پر اتفاق کیا تھا۔