News Views Events

ملک میں نئے مون سون سپیل کی انٹری، موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے ڈوب گئے

وزیراعظم کاسیلابی ریلے میں پھنسے سیاحوں کو جلد ریسکیو کرنے کا حکم

0

اسلام آباد:ملک میں نئے مون سون سپیل نے انٹری دے دی، مختلف شہروں میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے ڈوب گئے۔
تفصیلات کے مطابق موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے پنجاب، سندھ اور گلگت بلتستان میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، کچے مکانات اور فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔
پنجاب
نارروال، شکر گڑھ اور جہلم سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں، شکر گڑھ نالہ بئیں میں اونچے درجے کا سیلاب ہے جبکہ پانی کی سطح مسلسل بلند ہونے لگی ہے، نالہ بئیں میں پھنسے 9 کسانوں اور چرواہوں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
ادھر کاغان میں بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے سڑکیں بند ہو گئیں اور ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے، گلگت بلتستان کے کئی علاقوں میں سیلابی ریلوں کے باعث شہر سے کئی دیہاتوں کا زمینی راستہ منقطع ہو گیا، استور میں موسلادھار بارش کے باعث درجنوں مقامات کو نقصان پہنچا ہے۔
بلوچستان
دوسری جانب بلوچستان کے ضلع کوہلو، ہرنائی، سبی، بولان، جھل مگسی اور نصیر آباد میں بارشوں اور سیلابی ریلوں سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔
پنجاب کے شہری علاقوں میں بارشوں سے سیلابی صورتحال کے متوقع خطرے کے پیش نظر وزیر اعظم شہباز شریف نے این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم ایز اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔
سندھ
سندھ میں لاڑکانہ، دادو، نواب شاہ اور خیرپور میں موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرآب ہیں، سیلابی ریلوں کے باعث کئی دیہات میں پانی داخل ہوگیا، رابطہ سڑکیں اور فصلیں بھی پانی میں ڈوب گئی ہیں۔
وزیراعظم کاسیلابی ریلے میں پھنسے سیاحوں کو جلد ریسکیو کرنے کا حکم
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے استور میں سیلابی ریلے میں پھنسے سیاحوں کو جلد ریسکیو کرنے کا حکم دے دیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو ٹیلی فون کیا اور استور سیلابی صورتحال پر بریفنگ لی۔
شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ زمینی رابطہ منقطع ہونے کی وجہ سے پھنسے سیاحوں کو جلد ریسکیو کیا جائے، فینہ گاؤں میں سیلابی ریلے سے بہہ جانے والے دو پلوں کو بھی متبادل راستہ فراہم کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ سیلابی ریلے کی وجہ سے پھنسے سیاحوں کو جلد ریسکیو کرنے کے انتظامات کیے جائیں، ریسکیو ہونے تک سیاحوں کو امدادی سامان فراہم کیا جائے۔
وزیراعظم کو غیر ملکی سیاحوں کے محفوظ ہونے کی رپورٹ پیش
دوسری جانب شہباز شریف کی ہدایت پر این ڈی ایم اے نے فوری ایکشن لیتے ہوئے وزیرِ اعظم کو سیلابی ریلے سے متاثرہ علاقے میں غیر ملکی سیاحوں کے محفوظ ہونے کی رپورٹ پیش کر دی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دو اطالوی اور ایک ارجنٹینا سے تعلق رکھنے والے سیاح محفوظ مقامات پر ہیں اور متاثرہ علاقے سے دور ہیں، فینہ پل کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔
حکام کی جانب سے رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ این ڈی ایم اے اور متعلقہ ادارے حالات کا جائزہ لے رہے ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کیلئے تیار ہیں۔
اس موقع پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ یقینی بنایا جائے سیاحوں اور مقامی لوگوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.