وزیرداخلہ محسن نقوی کی برطانوی ہم منصب سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو
وزیرداخلہ محسن نقوی کی برطانوی ہم منصب سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو
اسلام آباد / لندن: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی لندن میں برطانوی کی وزیر داخلہ یوویٹ کوپر سے ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور کریمنلز مقدمات میں قانونی معاونت پر بات چیت کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ملاقات میں موثر بارڈر مینجمنٹ اور غیر قانونی امیگرنٹس کے سدباب کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ پاکستانی پولیس افسران کی برطانیہ میں ٹریننگ کے امور پر بھی گفتگو ہوئی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے برطانوی وزارت داخلہ کا منصب سنبھالنے پر یوویٹ کوپر کو مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ خوشی ہوگی کہ پاکستانی پولیس افسران باقاعدہ برطانیہ میں ٹریننگ حاصل کریں، اس ضمن میں برطانیہ کے تعاون کا خیر مقدم کریں گے۔ غیر قانونی امیگریشن سے نمٹنے کے لیے باہمی اشتراک کار بڑھانا ضروری ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک اور ترقی پذیر ممالک کو اس حوالے سے مشترکہ اقدامات اٹھانے چاہئیں، برطانیہ کے ساتھ بارڈر مینجمنٹ، کریمنلز مقدمات میں لیگل معاونت اور غیر قانونی امیگریشن سے نمٹنے کے حوالے سے تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے تشدد پر اکسانے والوں کے لیے کوئی معافی نہیں ہونی چاہیے، عوام کو پر تشدد واقعات پر اکسانے والے قابل مذمت ہیں۔
برطانوی وزیر داخلہ نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے برطانوی ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔
لندن میں ہونے والی ملاقات میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل اور برطانوی وزارت داخلہ کے اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔