News Views Events

امید تھی کچھ کر جاؤں گا، گولڈ میڈل کے ساتھ 14 اگست منائیں گے: ارشد ندیم

ارشد ندیم کی تاریخی کامیابی پرصدر، وزیراعظم اور دیگر رہنماؤں کی مبارکباد

0

پیرس اولمپکس میں 40 سال بعد پاکستان کیلئے پہلا گولڈ میڈل جیتنے والے پاکستانی ایتھلیٹ جیولین تھرور ارشد ندیم نے کہا ہے کہ آج میرا دن تھا، میں اس سے زیادہ دور بھی تھرو کر سکتا تھا۔
پیرس میں جیولین تھرو کے مقابلوں میں بطور پاکستانی ایتھلیٹ پہلا انفرادی گولڈ میڈل حاصل کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ میں ردھم میں تھا اور پرامید تھا کہ گولڈ میڈل جیتوں گا، گولڈ میڈل کے ساتھ 14 اگست منائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ امید تھی کہ آج کچھ کر جاؤں گا، پُرامید تھا کہ جتنے دور تھرو کی اس سے گولڈ میڈل جیت سکوں۔
ارشد ندیم نے کہا کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور اپنے کوچ کا شکر گزار ہوں۔
دوسری جانب ارشد ندیم کے بھائی نے کہا کہ کم وسائل کے باوجود ارشد ندیم نے ریکارڈ تھرو کی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سے بھی اپیل ہے کہ ارشد ندیم سے کیا وعدہ پورا کرے، گاؤں میں گراؤنڈ بنانے کا حکومت اپنا وعدہ پورا کرے۔
ارشد ندیم کے بھائی کا کہنا تھا کہ نیرج چوپڑا اور اس کی فیملی کو بھی مبارکباد دیتا ہوں۔
پیرس اولمپکس میں مینز جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں پوری قوم کی نظریں ارشد ندیم پر تھیں جو پاکستان کو 32 سال بعد اولمپکس میں کوئی میڈل دلانے کی واحد امید تھے۔
خیال رہےکہ پاکستان نے آخری مرتبہ 8 اگست 1992 کو اولمپکس میڈل پوڈیم پر قدم رکھا تھا جب قومی ہاکی ٹیم نے بارسلونا اولمپکس میں نیدرلینڈز کو تین کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ جیتا تھا جب کہ پاکستان نے آخری مرتبہ 1984 میں اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتا تھا جوکہ ہاکی ٹیم نے ہی دلوایا تھا۔
ارشد ندیم پاکستان کو انفرادی مقابلوں میں گولڈ میڈل دلوانے والے پہلے ایتھلیٹ ہیں۔
صدر مملکت، وزیراعظم کی گولڈ میڈل جیتنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد
ارشد ندیم کی تاریخی کامیابی پرصدر، وزیراعظم اور دیگر رہنماؤں کی مبارکباد
اسلام آباد:صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو مبارکباد دی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم کی جیت پوری قوم کی جیت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم آپ پوری قوم کا فخر ہیں، فائنل میں شاندار اولمپکس ریکارڈ قائم کرنا، طویل ترین جیولین تھرو کرنا بڑا کارنامہ ہے، پیرس اولمپکس میں پاکستان کے لیے تمغہ جیت کر آپ نے ہمارا سر فخر سے بلند کر دیا۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم نے اولمپکس جیسے بڑے مقابلے میں پاکستان کا نام روشن کیا، مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ ارشد ندیم کو مستقبل میں مزید کامیابیوں سے نوازے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اولمپکس جیولن چیمپئن ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر تاریخی کامیابی حاصل کی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ان کا کہنا تھا کہ آپ نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو کے مقابلوں میں پاکستان کے ارشد ندیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے اولمپک کی تاریخ کی سب سے بڑی 92.97 میٹر کی تھرو کرتے ہوئے پاکستان کو 40سال بعد اولمپک میں گولڈ میڈل جتوایا۔
پاکستان کے ارشد ندیم پہلی تھرو صحیح نہ کر سکے اور ان کی پہلی تھرو کو فاؤل قرار دے دیا گیا تھا، تیسرے راؤنڈ میں پاکستان کے ارشد ندیم نے 88.72 میٹرز کی تھرو کی جبکہ جمہوریہ چیک کے جیکب ویڈلیج نے 88.50 میٹر دور نیزہ پھینکا۔
ارشد ندیم نے چوتھی تھرو میں نیزہ 79.40 میٹرز دور پھینکا، انہوں نے پانچویں تھرو کیا تو نیزہ 84.87 میٹر دور جا گرا۔
چھٹے اور آخری راؤنڈ میں پاکستان کے ارشد ندیم نے مقابلے میں دوسری بہترین تھرو کرتے ہوئے نیزہ 91.79 میٹرز دور پھینک کر اولمپک کی دوسری بہترین تھرو کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔
چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو نے بھی ارشد ندیم کو پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد دی جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ، وزیر داخلہ محسن نقوی ، سمیت تمام اہم رہنماؤں نے بھی ارشد ندیم اور قوم کو مبارکباد دی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.