News Views Events

جموں و کشمیر پر بھارت کے بلاجواز تسلط کا خاتمہ ہمارا مشن ہے، وفاقی وزیر اطلاعات

0

جموں و کشمیر پر بھارت کے بلاجواز تسلط کا خاتمہ ہمارا مشن ہے، وفاقی وزیر اطلاعات

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ آزادی کشمیریوں کا بنیادی حق ہے، حکومت پاکستان اس حق کے ساتھ کھڑی ہے اور جموں و کشمیر پر بھارت کے بلاجواز تسلط کا خاتمہ ہمارا مشن ہے۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے امور و کشمیر گلگت بلتستان انجینیئر امیر مقام کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ بھارت کی جانب سے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کیا گیا، اس کے ساتھ ساتھ کشمیریوں پر ظلم و جبر کے پہاڑ ڈھائے گئے، جموں و کشمیر پر بھارت کے غیرقانونی قبضے کا کوئی جواز نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی جارہی ہے جن میں غیرقانونی گرفتاریاں اور ماورائے عدالت قتل کے واقعات ہیں جن میں کشمیریوں کو فیئر ٹرائل کا حق نہیں دیا جاتا۔

عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستانی حکومت نے ہمیشہ نہ صرف اس کی مذمت کی بلکہ اعادہ کیا کہ ہم کشمیریوں کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھے گی، وزیراعظم شہباز شریف نے پی ڈی ایم کے گزشتہ دور حکومت میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دیا جائے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اس حوالے سے قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ حکومت پاکستان کا مؤقف ہے کہ جموں و کشمیر پر بھارت کا غیرقانونی تسلط ختم ہونا چاہیے اور وہاں کے لوگوں کو بنیادی انسانی حقوق اور کشمیر کی خصوصی حیثیت بحال ہونی چاہیے، نہتے مظلوم کشمیریوں کو حق خودارادیت ملنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کا ظلم و جبر ایک دن ختم ہوگا، مقبوضہ کشمیر میں دہائیوں پر محیط قربانیوں کی داستان ہے جہاں نہتے نوجوان، بزرگوں، خواتین اور بچوں نے قربانیاں دی ہیں اور وہ آج بھی نعرہ لگاتے ہیں کہ ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجینیئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے آج تمام صوبوں، آزاد کشمیر اور گلفت بلتستان میں عظیم الشان ریلیوں اور اجتماعات کے انعقاد کے ذریعے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ نہ صرف یکجہتی کا اظہار کیا بلکہ یہ پیغام بھی دے دیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام اکیلے نہیں بلکہ پاکستان کے عوام ان کے ساتھ ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.