News Views Events

مخصوص نشستوں کے معاملے میں اس جماعت کو ریلیف دیا گیا جو درخواست گزارہی نہیں تھی، وفاقی وزیر اطلاعات

0

مخصوص نشستوں کے معاملے میں اس جماعت کو ریلیف دیا گیا جو درخواست گزارہی نہیں تھی، وفاقی وزیر اطلاعات

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ مخصوص نشستوں کے فیصلے کے 15 دن گزرنے کے باوجود تفصیلی فیصلہ نہیں آیا، مخصوص نشستوں کے معاملے میں اس جماعت کو ریلیف دیا گیا جو درخواست گزارہی نہیں تھی۔

 

فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ مخصوص نشستوں سے متعلق کیس میں سپریم کورٹ کے ججز نے اختلافی نوٹ میں اہم نکتے اٹھائے ہیں جن کا جواب آنا بہت ضروری ہے۔

عطا تارڑ کے مطابق مخصوص نشستوں سے متعلق اختلافی نوٹ جاری کیا گیا، آئین کے کچھ آرٹیکل مخصوص نشستوں سے متعلق ہیں۔

ان کا کہنا تھا معزز جج صاحبان نے کہا 15 روز گزرنے کے باوجود تفصیلی فیصلہ کیوں نہیں آیا، سپریم کورٹ کے 2 ججز نے بہت کارآمد نکات اٹھائے ہیں۔

عطاتارڑ کے مطابق معزز جج صاحبان کے اٹھائے گئے اعتراضات کا جواب آنا بہت ضروری ہے، یکطرفہ ریلیف دینے سے غلط تاثر پیدا ہو گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مخصوص نشستوں کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست دائر کی ہے، کیا مستقبل میں بھی اس فیصلے کو جواز بناکر فلور کراسنگ یا پارٹی تبدیل کی جا سکے گی۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لیا، سنی اتحاد کونسل کے آئین میں ہے کوئی اقلیتی رکن ان کی پارٹی کا رکن نہیں بن سکتا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز مخصوص نشستوں سے متعلق کیس میں سپریم کورٹ کے ججز نے اقلیتی فیصلہ جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ پی ٹی آئی کو ریلیف آئین کے برعکس دیا گیا، فیصلے کی روشنی میں آئین کے آرٹیکل 51، 63 اور 106 کو معطل کرنا ہو گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.