News Views Events

سب سے بڑا یوٹرن وہ ہے جس نے ووٹ کو عزت کا نعرہ لگایا اور بوٹ کو عزت دی، عمران خان

0

راولپنڈی:بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) نے کہا ہے کہ سب سے بڑا یو ٹرن وہ ہے جس نے ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگایا اور بوٹ کو عزت دی۔
تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ مذاکرات آئین کے دائرے میں رہ کر کروں گا۔ سب سے پہلے ہمارا مینڈیٹ واپس کیا جائے۔ اس حکومت سے کیا مذاکرات کروں جو 4 حلقے کھلنے سے ختم ہوجائے گی۔
بانی پی ٹی آئی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سب سے بڑا یو ٹرن وہ ہے جس نے ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگایا اور بوٹ کو عزت دی۔ میں نے محمود خان اچکزئی کو سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کا کہا ہے۔ محمود خان اچکزئی سیاسی جماعتوں سے بات کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ ’مجھے کہا گیا کہ جی ایچ کیو کے سامنے پُرامن احتجاج کی کال دے کر آپ نے غلط کیا۔ آئین میں کہاں لکھا ہے کہ جی ایچ کیو کے سامنے احتجاج کرنا جُرم ہے؟‘

دوسری جانب 190 ملین پاؤنڈز کیس میں عمران خان کے وکیل کی عدم پیشی کی وجہ سے سماعت ملتوی کردی گئی۔
احتساب عدالت اسلام آباد میں نئے تعینات ہونے والے جج ناصر جاوید رانا کے روبرو بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190ملین پاونڈ ریفرنس کی سماعت اڈیالہ جیل میں ہوئی، جس میں ریفرنس کے تفتیشی افسر میاں عمر ندیم کے بیان پر جرح نہیں ہو سکی۔
دورانِ سماعت بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان گل نے عدالت کو بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کے وکیل ظہیر عباسی چوہدری مصروفیت کے باعث دستیاب نہیں۔ وکیل دستیاب ہوں گے تو تفتیشی افسر پر جرح کریں گے۔
اس موقع پربانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا جب کہ نیب کے پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی بھی ٹیم کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت بانی پی ٹی آئی کے وکلا نے ان کی بیٹوں سے فون پر بات کرنے سے متعلق درخواست دائر کی، جس پر عدالت نے جیل انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرلی۔
بعد ازاں عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت 7 اگست تک ملتوی کردی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.