قومی اسمبلی میں اسماعیل ہنیہ کے قتل اور اسرائیلی جارحیت کیخلاف متفقہ قرارداد منظور
اسلام آباد: قومی اسمبلی نے حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کے قتل اوراسرائیلی جارحیت کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے فلسطین میں اسرائیلی جارحیت اورحماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کے قتل کے خلاف قرارداد قومی اسمبلی میں پیش کی۔ ایوان نے قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان اسرائیلی مظالم کو مسترد کرتا ہے اور فلسطینی عوام سے مکمل اظہار یکجہتی کرتا ہے۔ اسرائیلی مظالم کے باعث 40 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مخالفت کرتا ہے اور اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتا ہے۔ قومی اسمبلی کی منظور کردہ قرارداد میں اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے فلسطین میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ بھی کیا گیا۔