چین کی جانب سے جاپان پر چین کے اندرونی امور میں مداخلت ختم کرنے پر زور
بیجنگ:چینی وزارت خارجہ کے ایشیا ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر لیو جن سونگ نے چین میں جاپانی سفارت خانے کے چیف منسٹر آکیرا یوکوچی سے ملاقات میں جاپان-امریکہ سفارتی تحفظ "ٹو پلس ٹو” اجلاس، "توسیع شدہ ڈیٹرنس” وزارتی کانفرنس، امریکہ، جاپان، بھارت اور آسٹریلیا کے چار طرفہ میکانزم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس سمیت دیگر اجلاسوں کے دوران چین سے متعلقہ منفی بیانات اور اجلاس کی دستاویزات میں کیے گئے غلط بیانات پر سخت مخالفت کا اظہار کیا۔
لیو جن سونگ نے کہا کہ جاپان کا چین کو بدنام کرنا دونوں ممالک کے باہمی مفادات کے اسٹریٹجک تعلقات کو آگے بڑھانے کے بیان سے متضاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین جاپان پر زور دیتا ہے کہ وہ چین کو معروضی اور معقول انداز میں سمجھے، چین کے اندرونی امور پر بیانات دینا ختم کرے، کچھ ممالک کے ساتھ "حلقہ” بنانے سے تصادم پیدا کرنا ختم کرے، اور چین کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کی سیاسی بنیاد کی حفاظت کرتے ہوئے باہمی مفادات کے اسٹریٹجک تعلقات پر عملدر آمد کرے ۔
آکیرا یوکوچی نے کہا کہ جاپان 1972 میں جاپان-چین مشترکہ اعلامیے میں امور تائیوان پر اپنے موقف پر گامزن ہے اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی مفادات کے اسٹریٹجک تعلقات کو آگے بڑھانے کے لئے تیار ہے۔