News Views Events

ایران؛ اسرائیلی حملے میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ محافظ سمیت شہید

0

تہران: فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ حملے کے وقت ایران میں نومنتخب صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے مقیم تھے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ایران کی پاسداران انقلاب اور حماس نے اسماعیل ہنیہ کی شہادت کا ذمہ دار اسرائیل کو ٹھہرایا ہے تاہم اسرائیل کی جانب سے تاحال اس کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی۔
خیال رہے کہ اسرائیل متعدد بار حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ سمیت ٹاپ لیڈر شپ کو دنیا کے کسی بھی خطے میں نشانہ بناکر قتل کرنے کی دھمکی دے جا چکا ہے۔
تاہم اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ مقامی وقت کے مطابق رات 2 بجے تہران کے قلب میں اُس مقام پر میزائل داغا گیا تھا جہاں اسماعیل ہنیہ اپنے محافظ سمیت ٹھہرے ہوئے تھے۔
حماس نے بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ان کی شہادت کی تصدیق کر دی ہے، انہیں ایران میں ان کی قیام گاہ پر نشانہ بنایا گیا، حملے میں ان کا محافظ بھی جاں بحق ہو گیا۔
اسماعیل ہنیہ حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ تھے، ایرانی پاسداران انقلاب نے بھی ان کی شہادت کی تصدیق کر دی ہے۔
ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق انہیں یہودی ایجنٹوں نے نشانہ بنایا، ان پر حملے کی تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اسماعیل ہانیہ پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات جلد سامنے لائی جائیں گی۔
اسماعیل ہانیہ 1962 میں غزہ کے شہر کے مغرب میں شطی پناہ گزین کیمپ میں پیدا ہوئے تھے، غزہ جنگ کے دوران اسماعیل ہانیہ کے خاندان کے کافی افراد شہید ہو چکے ہیں۔
دریں اثنا فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے واقعے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسماعیل ہنیہ کے قتل میں ملوث افراد کو سز دی جائے گی۔ اسماعیل ہنیہ کے قتل کا ذمے دار اسرائیل ہے۔ اسماعیل ہنیہ کے قتل سے حالات مزید گشیدہ ہوں گے۔
عالمی میڈیا کے مطابق حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کی اطلاع کے بعد فلسطین کے مقبوضہ علاقوں غزہ اور مغربی کنارے میں شدید جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔
حماس کا اسماعیل ہانیہ کی شہادت کا بدلہ لینے کا اعلان
دوسری جانب فلسطین کے سابق وزیراعظم اور حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کو ایران میں قاتلانہ حملے میں شہید کردیا گیا، حماس نے ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ان کی شہادت کا بدلہ لیا جائے گا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق پاپولر فرنٹ فار لبریشن آف فلسطین کے ترجمان مہر الطاہر نے کہا ہے کہ شہید اسماعیل ہانیہ نے فلسطین کاز کے لیے اپنا سب سے قیمتی مال دیا، فلسطینی اپنے مقصد کیلئے ہر عزیز اور قیمتی چیز پیش کرنے کو تیار ہیں۔
مہر الطاہر نے کہا ہے کہ دشمن اسرائیل تمام سرخ لکیروں کو عبور کر گیا ہے، اسرائیل نے معاملات کو ایک جامع جنگ کی طرف دھکیل دیا ہے، مزاحمتی تنظیمیں جنگ کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حکومت اسماعیل ہانیہ کے قتل اور ایرانی خود مختاری پر حملے کے گناہ پر پچھتائے گی، شہید اسماعیل ہانیہ کا قتل امریکی مدد کے بغیر نہیں ہوسکتا تھا۔
مہر الطاہر نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ شہید بھائی ہانیہ سے کہتے ہیں اچھی طرح سو جاؤ اور فکر نہ کرو، ان سے وعدہ کرتے ہیں ہم جدوجہد اور مزاحمت جاری رکھیں گے۔
علاوہ ازیں خبررساں ادارے سے بات کرتے ہوئے حماس رہنما سامی ابو زہری نے کہا ہے کہ ہم بیت المقدس کو آزاد کرانے کے لیے کھلی جنگ لڑ رہے ہیں، بیت المقدس کیلئے ہر قیمت ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایرانی پاسدارانِ انقلاب اسلامی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسمٰعیل ہانیہ کو تہران میں ان کی رہائش گاہ پر نشانہ بنایا گیا، حملے کے نتیجے میں ان کے ایک محافظ بھی شہید ہوئے، علی الصبح پیش آنے والے واقعے کی وجوہات فوری طور پر واضح نہیں ہوسکی ہیں، البتہ حملے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے حماس کے رہنما اسماعیل ہانیہ کی تہران میں ہلاکت پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
متعدد خبر رساں اداروں کی جانب سے اسماعیل ہانیہ کے قتل پر ردِعمل کے جواب میں اسرائیل نے کہا ہے کہ وہ ’ہانیہ کی ہلاکت کے بارے میں غیرملکی میڈیا رپورٹس پر ردعمل نہیں دے گا۔
اسرائیل کی جانب سے اب تک اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔

ایرانی سپریم لیڈر کا اسرائیل کے خلاف جوابی کارروائی کا اعلان
تہران:سپریم لیڈر ایران آیت اللہ خامنہ ای نے اسرائیل کے خلاف جوابی کارروائی کا اعلان کردیا۔
سپریم لیڈر ایران آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ اسرائیل نے اپنے لیے سخت سزا کی بنیادیں فراہم کردی ہیں، اسلامی جمہوریہ ایران کی سرزمین میں شہید ہونے والوں کے لیے انصاف کی تلاش کو ہم اپنا فرض سمجھتے ہیں۔
دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پیزشکیان نے اپنے ردعمل میں کہا کہ دہشت گردوں کو اسماعیل ہنیہ کے قتل کے بزدلانہ اقدام پر پچھتاوا ہوگا ۔ اپنی علاقائی سالمیت اور وقار کا دفاع کریں گے۔ میں نے کل ان کا فاتح ہاتھ اٹھایااور آج مجھے ان کا جنازہ اپنے کندھوں پر اٹھانا ہے۔ ایران اپنے غم اور خوشی کے ساتھی۔ بیت المقدس کے شہید کی شہادت پر غمگین ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات حماس سربراہ اسماعیل ہنیہ ایران میں قاتلانہ حملے میں شہید ہوگئے، اسماعیل ہنیہ ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے تہران گئے تھے۔ عرب میڈیا کے مطابق اسماعیل ہنیہ کو گائیڈڈ میزائل سے نشانہ بنایا گیا۔
حماس نے اسماعیل ہنیہ کی شہادت کی تصدیق کردی، اعلامیے کے مطابق اسماعیل ہنیہ کو اسرائیلی ایجنٹوں نے نشانہ بنایا، اسماعیل ہنیہ کی شہادت سے دشمن مذموم عزائم حاصل نہیں کرسکے گا، اسماعیل ہنیہ پر حملے کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے، اسماعیل ہنیہ پرحملہ بزدلانہ کارروائی ہے،بدلہ لیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.