پاکستان مستقبل میں دنیا کی بڑی طاقت بننے والے 4 ممالک میں شامل ہے: ہنگری کے وزیراعظم
ہنگری کے وزیراعظم وکٹر اوربان نے چین، بھارت، پاکستان اور انڈونیشیا کو دنیا کی مستقبل کی بڑی طاقتوں کے طور پر شمار کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہنگری کے وزیراعظم نے ایک تقریر کے دوران پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ اگلی طویل دہائیوں میں ایشیا دنیا کا غالب مرکز ہو گا۔
ان کا تقریر میں کہنا تھا کہ ہم مغربیوں نے روس کو بھی اسی بلاک میں دھکیل دیا ہے۔2010 سے اقتدار میں رہنے والے ہنگرین وزیراعظم اوربان نے کہا کہ روس کی قیادت ”انتہائی عقلی“ ہے اور یوکرین کبھی بھی یورپی یونین یا نیٹو کا رکن بننے کی اپنی امیدوں کو پورا نہیں کر سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ مغرب کی کمزوری کے برعکس، عالمی معاملات میں روس کا موقف عقلی اور پیش قیاسی تھا، ان کا کہنا تھا کہ اس ملک نے 2014 میں کریمیا پر حملہ کرنے کے بعد سے مغربی پابندیوں کو اپنانے میں اقتصادی لچک دکھائی ہے۔
ہنگری کے وزیر اعظم نے کہا کہ “روسی سافٹ پاور کی سب سے مضبوط بین الاقوامی اپیل اس کی LGBTQ کی مخالفت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یوکرین کبھی بھی یورپی یونین یا نیٹو کا رکن نہیں بنے گا کیونکہ “ہم یورپیوں کے پاس اس کے لیے اتنی رقم نہیں ہے۔