ماں کی دعا ہے، ہر سال حج پر جاتا ہوں اور حاجیوں کی خدمت کرتا ہوں: افتخار ٹھاکر
افتخار ٹھاکر نے کہا کہ اتنی لگن سے عازمین حج کی مدد کرتا دیکھ کر میری والدہ نے دعا کی ان شاء اللہ میرے بچے تم مکہ میں جاکر حاجیوں کی خدمت کرو گے اور اللہ نے ماں کی دعا سن لی، میں ہر سال حج پر حاجیوں کی مدد کرنے جاتا ہوں اور معذور اور بوڑھے لوگوں کی خدمت کرنے پر میری ڈیوٹی لگتی ہے۔
لاہور:چار دہائیوں سے عوام کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے اسٹار کامیڈین افتخار ٹھاکر نے اپنی زندگی میں آنے والی مثبت تبدیلی سے متعلق خیالات کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حال ہی میں کامیڈین نے ایک انٹرویودیا اور اپنی زندگی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کا تعلق میاں چنوں سے ہے اور جب وہ چھٹی یا ساتویں جماعت میں تھے تو وہ حج پر جانے والوں کی مدد کیا کرتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اس دور میں پانی کے جہاز پر حج کیلئے جایا جاتا تھا اور میں اپنے خاندان سے حج کیلئے جانے والوں کے کام کرنے میں پیش پیش رہتا تھا، حاجیوں کا سامان اٹھانے اور اسٹیشن تک چھوڑنے میں ان کی مدد کرتا تھا۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے افتخار ٹھاکر نے کہا کہ اتنی لگن سے عازمین حج کی مدد کرتا دیکھ کر میری والدہ نے دعا کی ان شاء اللہ میرے بچے تم مکہ میں جاکر حاجیوں کی خدمت کرو گے اور اللہ نے ماں کی دعا سن لی، میں ہر سال حج پر حاجیوں کی مدد کرنے جاتا ہوں اور معذور اور بوڑھے لوگوں کی خدمت کرنے پر میری ڈیوٹی لگتی ہے۔
واضح رہے افتخار ٹھاکر نے بیشتر کامیاب تھیٹر میں کام کیا ہے جبکہ انہوں نے متعدد ٹی وی سیریلز اور فلم انڈسٹری میں بھی شہرت حاصل کی۔