News Views Events

نئے انتخابات کیلئے پی ٹی آئی کے پی اسمبلی تحلیل کرنے کو تیار ہے: فضل الرحمان کا دعویٰ

فضل الرحمان سے کے پی اسمبلی تحلیل کرنے یا استعفوں سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی، پی ٹی آئی

0

نئے انتخابات کیلئے پی ٹی آئی کے پی اسمبلی تحلیل کرنے کو تیار ہے: فضل الرحمان کا دعویٰ

اسلام آباد:جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیا ہے کہ شفاف الیکشن کیلئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اسمبلیوں سے استعفوں پرآمادہ ہے اور نئے انتخابات کیلئے پی ٹی آئی خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کو تیار ہے۔
صحافیوں سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ جے یو آئی نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلئے کمیٹی بنا دی جس کی سربراہی کامران مرتضیٰ ہوں گے اور کمیٹی میں مولانا لطف الرحمان، فضل غفور، اسلم غوری اور مولانا امجد شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کمیٹی پی ٹی آئی سے مذاکرات کرے گی اور کمیٹی پی ٹی آئی کےمشاورت سے حکمت عملی طے کرےگی، دیگر سیاسی جماعتوں سے اختلاف رائے ہے، پی ٹی آئی سے تلخیاں تھیں، ان کے ساتھ تعلقات معمول پر لائے جارہے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ شفاف الیکشن کیلئے پی ٹی آئی اسمبلیوں سے استعفوں پرآمادہ ہے، نئے انتخابات کیلئے پی ٹی آئی کے پی اسمبلی تحلیل کرنے کو تیار ہے اور پی ٹی آئی نے اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کی یقین دہانی کروائی ہے۔
سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھاکہ خیبرپختونخوا میں بھی حقیقی مینڈیٹ نہیں، ن لیگ اور پیپلزپارٹی بے بس ہیں، خیرخواہی میں کہا تھا کہ ن لیگ پیپلزپارٹی حکومت نہ لے، پیپلزپارٹی ن لیگ کو حکومت کی ذمہ داری راس نہیں آرہی، شفاف انتخابات کے بغیر ملک میں امن آئے گا نہ معاشی استحکام۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن سے پہلے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ مقابلہ میدان میں ہے، جو سیاسی سہولت بطور سیاست دان مجھے ہو وہ سب کو ہونی چاہیے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ معاشی استحکام کیلئے سیاسی استحکام لازمی ہے، اس کے بغیر ملک نہیں بڑھ سکتا، ملک اب مزید کسی ایڈونچر یا مارشل لا کا متحمل نہیں ہوسکتا، حالات اور اختیارات اب ان کے ہاتھ سے نکل چکےہیں، اسٹیبلشمنٹ اپنی پالیسی پر ردوبدل کرے ایسے ملک نہیں چلے گا۔

فضل الرحمان سے کے پی اسمبلی تحلیل کرنے یا استعفوں سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی، پی ٹی آئی

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے مولانا فضل الرحمان سے خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے یا استعفوں سے متعلق کوئی بات نہیں کی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ سے استعفے دینے یا خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے سے متعلق فضل الرحمان سے کوئی مشاورت ہوئی نہ ہم نے کوئی ایسا فیصلہ کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.