چین: طوفانی بارشوں اور سیلاب کے باعث پل گرنے سے 11 افراد ہلاک، درجنوں لاپتہ
بیجنگ:گزشتہ رات تقریبا 08 بج کر 40 منٹ پر ، چین کے صوبہ شانسی کے شانگ لو شہر کی ژو شوئی کاؤنٹی میں ایک ہائی وے پل سیلاب میں بہہ گیا جس کی وجہ سے کچھ گاڑیاں بھی دریا میں گر یں۔ 20 جولائی کی صبح 10 بجے تک اس حادثے میں 11 افراد ہلاک ہو ئے اور 30 سے زائد افراد لاپتہ ہیں۔
اس حادثے کے بعد سی پی سی سینٹرل کمیٹی کے جنرل سیکریٹری، صدر مملکت اور سینٹرل ملٹری کمیشن کے چیئرمین شی جن پھنگ نے امدادی کام کے بارے میں اہم ہدایات دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ یہ وقت "سیلاب پر قابو پانے کے لئے ایک نازک دور ہے، اور تمام خطوں اور متعلقہ محکموں کو اپنی ذمہ داریوں کوسنجیدگی سے ادا کرنا چاہئے، نگرانی اور پیشگی انتباہ کے عمل کو مزید بہتر بنانا چاہئے، معائنے اور خطرات کی روک تھام کے عمل کو مضبوط بنانا چاہئے، تفصیلی امدادی اقدامات پر عمل درآمد کرنا چاہئے، اور لوگوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا چاہئے۔
سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کی قائمہ کمیٹی کے رکن اور وزیر اعظم لی چھیانگ نے ہدایا ت جاری کیں کہ لاپتہ افراد کی تلاش اور بازیابی کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے،حادثے کی وجوہات کا جلد از جلد پتہ لگایا جائے اور حاد ثے کے بعد کے حالات سے مناسب طریقے سے نمٹتے ہوئے ثانوی آفات کو روکنے اور ان سے نمٹنے پر گہری توجہ دی جائے۔
شی جن پھنگ اور لی چھیانگ کی ہدایات کے مطابق سی پی سی سینٹرل کمیٹی کے پولیٹیکل بیورو کے رکن اور نائب وزیر اعظم ژانگ گو چھنگ متعلقہ محکموں کے ذمہ دار عہدہ داروں کے ساتھ جائے حادثہ پر پہنچے تاکہ امدادی کا موں کی رہنمائی کی جاسکے۔