خیبرپختونخوا اسمبلی میں پی ٹی آئی پر ممکنہ پابندی کیخلاف قرارداد منظور
خیبرپختونخوا اسمبلی میں پی ٹی آئی پر ممکنہ پابندی کیخلاف قرارداد منظور
پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر ممکنہ پابندی اور الیکشن کمیشن کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔
اسپیکر بابر سلیم کے زیرصدارت خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم نے پی ٹی آئی پر پابندی کے خلاف قرارداد پیش کی۔
قرار دار کے متن میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی ملک کی بڑی سیاسی جماعت ہے، اس پر پابندی غیرقانونی اور غیرآئینی ہوگی۔
منظور کی گئی قرارداد میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی نے رواں برس ہونے والے عام انتخابات میں سب سے زیادہ نشستیں حاصل کی تھیں لیکن یہ نشستیں اس سے چھین لی گئیں۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے سے واضح ہوگیا ہے کہ پی ٹی آئی پر کوئی پابندی نہیں، سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ انتخابی نشان لینے سے پارٹی ختم نہیں ہوتی۔
قرارداد میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ نے تمام اراکین کو پی ٹی آئی اراکین قرار دیا، پی ٹی آئی ملکی آئین اور قانون پر عملدرآمد کرتی ہے، پی ٹی آئی کے خلاف کوئی بھی اقدام آرٹیکل 17 کے منافی ہوگا۔
قرارداد میں مزید کہا گیا کہ حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی پر پابندی سپریم کورٹ فیصلے کی توہین ہوگی۔ قرارداد میں چیف الیکشن کمشنر سمیت چاروں اراکین کے فوری استعفیٰ کا مطالبہ کیا گیا۔
قرارداد میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا گیا اور کہا گیا کہ حکومت اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمیشن کی قرارداد پر عمل کرے۔ قرارداد میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف مقدمات کی شفاف تحقیقات کی جائیں۔