چینی صدرچین عرب ممالک تعاون فورم کی دسویں وزارتی کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے
چینی وزارت خارجہ نے چین عرب ممالک تعاون فورم کی 10 ویں وزارتی کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں صدر شی جن پھنگ کی شرکت کے بارے میں چینی اور غیر ملکی میڈیا کو بریفنگ دی۔
اطلاعات کے مطابق وزارتی اجلاس 30 مئی کو بیجنگ میں منعقد ہوگا اور صدر شی جن پھنگ کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے اور کلیدی تقریر کریں گے۔ اجلاس میں رہنماؤں کے اتفاق رائے پر عمل درآمد، مختلف شعبوں میں چین عرب تعاون کو وسعت دینے اور چین عرب ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کو تیز کرنے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ اجلاس میں متعدد نتائج پر مبنی دستاویزات منظور کرنے کا منصوبہ ہے جو چین اور عرب ممالک کے درمیان اتفاق رائے کو مزید مستحکم کریں گی، تعاون کے اگلے مرحلے کی منصوبہ بندی کریں گی اور مسئلہ فلسطین پر چین اور عرب ممالک کی مشترکہ آواز کو بلند کریں گی۔
صدر شی جن پھنگ 29 سے 31 مئی تک بحرین کے شاہ حماد، مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی، تیونس کے صدر قیس سعید اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن ذید النہیان کے لیے بالترتیب سرکاری تقریبات منعقد کریں گے جس میں دوطرفہ تعلقات اور مشترکہ تشویش کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔