News Views Events

پاکستان اور پاکستانی عوام کے لیے اچھے دن آ رہے ہیں، مریم نواز

0

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی جانب سے 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ الحمدللہ پاکستان اور پاکستانی عوام کے لیے اچھے دن آ رہے ہیں۔ 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری مسلم لیگ ن کی حکومت پر بیرونی اعتماد کا ناقابل تردید ثبوت اور مثبت معاشی اشاریے پاکستان کے لیے بہتر مستقبل کی نوید ہیں۔

وزیراعلیٰ آفس سے جاری بیان کے مطابق مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان سٹاک مارکیٹ روز بروز ریکارڈز قائم کر رہی ہے۔ سٹاک مارکیٹ 100 انڈیکس کا مثبت رحجان خوش آئند ہے۔ روٹی سمیت دیگر اشیا کے نرخ میں مزید کمی ہوگی۔ مہنگائی کی شرح میں کمی آئے گی اور پاکستانی کرنسی مستحکم ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو تاجروں صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کا اعتماد حاصل ہے۔ پاکستان میں فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ کے لیے شہباز شریف حکومت کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ ان شااللہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں پاکستان اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ دعا ہے اللہ تعالیٰ پاکستان کی ترقی میں رکاوٹ ڈالے والے عناصر کے شر سے ملک کو محفوظ رکھے۔ حکومت کی پوری توجہ مہنگائی میں کمی لاکر عوام کو ریلیف دینے پر مرکوز ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.